کولمبو،27/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گیند بازوں کی مشترکہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے اوول میدان پر کھیلے گئے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے آخری دن پیر کو میزبان سری لنکا کو شکست دے کرسیریز میں 1-1 کی برابری کر لی۔نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو اننگز اور 65 رنز سے شکست دی۔سری لنکا نے پہلی اننگز میں 244 رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ نے ٹام لاتھم (154) اور بیجے واٹلنگ (ناٹ آؤٹ 105) کی بہترین اننگز کی بدولت اپنی پہلی اننگز چھ وکٹ پر 431 رنز پر ڈکلیئرکرکے 187 رنز کی برتری حاصل کرلی۔میزبان ٹیم اس برتری کا بوجھ برداشت نہیں کرسکی اور دوسری اننگز میں 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس سے اس کو اننگز 65رنوں سے میچ گنوا نا پڑا۔آخری دن نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز کا ڈکلیئرکرنے اعلان کیا تھا اور سری لنکا کے پاس اس میچ کو ڈرا کرانے کا بہترین موقع تھا، لیکن خراب بلے بازی نے اسے شکست کے لئے مجبور کر دیا۔نروشن ڈکویلا نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔ان کے علاوہ صرف کپتان دمتھ کرارتنے (21)، مینڈس (20)، سرنگا لکمل (14) ہی دہائی کی اعداد و شمار تک پہنچ سکے۔کیوی ٹیم کے لیے ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، اعجاز پٹیل اور ولیم سومرولے نے دو دو وکٹ لئے۔کولن ڈی گرانڈہوم کو ایک وکٹ ملا۔