ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دھولیہ کے قریب سونگیر گاؤں میں مسجد پر شر پسندوں کا حملہ ، مسلمانوں کی پیک اپ اور ٹھیلہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ

دھولیہ کے قریب سونگیر گاؤں میں مسجد پر شر پسندوں کا حملہ ، مسلمانوں کی پیک اپ اور ٹھیلہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ

Tue, 20 Feb 2018 11:21:28    S.O. News Service

54؍ افراد کے خلاف گناہ داخل، دفعہ307؍کے تحت9؍افراد گرفتار، 3؍دن کی پولس کسٹڈی، مزید ملزمین کی تلاش جاری
ممبئی،20؍فروری(ایس او نیوز؍پریس ریلیز)خاندیش کے حساس علاقہ دھولیہ سے ۲۰؍کلو میٹر کی دوری پر واقع سونگیر نامی گاؤں میں گزشتہ دنوں اکثریتی فرقہ نے معمولی سی بات پر مسجد پر حملہ کر کے مسجد اور اس کے باہرمسلمانوں کی کھڑی پیک اپ اور ٹھیلہ گاڑی میں توڑ پھوڑ مچائی ،اور کافی نقصان پہونچایا۔حادثہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃعلماء دھولیہ(ارشد مدنی)کے وفد نے جائے واقعہ پر پہونچ کر جائزہ لیا ۔اور پولس انتظامیہ سے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی اور بے قصوروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔

سونگیر نامی گاؤں میں سبزی کی دکان(ٹھیلہ گاڑی) لگانے کی معمولی سی بات کو لے کر دو فرقوں میں تو تو میں میں ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے فرقہ وارانہ روپ اختیار کر گئی ،اکثریتی طبقہ کے لوگوں نے مسجد میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ کی اور کافی نقصان پہونچایا نیز مسجد کے قریب کھڑی دو مسلم (عزیز خان رمضان خان، اکبر خان عباس خان) کی پیک اپ گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔

موقع پر پہونچی پولس نے دونوں فرقوں کے ۵۴؍ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ،جس میں سے ۹؍ لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی بقیہ لوگ ابھی پولس کی گرفت سے باہر ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔گرفتار شدگان کو کل(اتوار) کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سے ان کو ۳؍ دن کی پولس کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے ۔

اس واقعہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃعلماء دھولیہ (ارشد مدنی) کا ایک وفد حافظ حفظ الرحمٰن (صدر جمعیۃعلماء شہر دھولیہ)کی قیادت میں وہاں پہونچا اورشہر کے سرکردہ افراد سے اس سلسلہ میں بات چیت کی ۔نیز مسجد کے ذمہ داروں کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کے بعد قانونی کارروائی کا لائحہ عمل تیار کیا اور مقامی پولس اسٹیشن پہونچ کر شر پسندوں اور فسادیوں پر قانونی کارروائی کرنے نیزبے قصوروں کو حراساں نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔

گرفتار شدگان کی رہائی کے لئے وفد نے الحاج گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی )کی ایماء پر ایڈوکیٹ اشفاق شیخ کو مقرر کردیا جو ان کی رہائی کے کے لئے کوشاں ہیں ۔ برادران وطن کی اکثریت کی وجہ سے ذمہ داروں کی طرف سے مدینہ مسجد سونگیر میں سی سی ٹی وی کمیرہ لگانے کی تجویز کو جمعیۃعلماء کے وفد نے منظوری دی،جو عنقریب جمعیۃعلماء دھولیہ کی طرف سے نصب کرایا جائے گا ۔اس کے ساتھ ہی متاثرین عزیز خان رمضان خان اور اکبر خان عباس خان کو بالترتیب پانچ ہزار اور دو ہزار روپئے نقد فوری امداد بھی دی۔

اس وفد میں جمعیۃعلماء شہر دھولیہ کے صدر حافظ حفظ الرحمٰن ،سکریٹری مشتاق صوفی ،حاجی شوال امین،شیخ پرویز،ساجد علی سائی،اکبر سر وغیرہ موجود تھے۔


Share: