نئی دہلی،8/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی اسمبلی انتخابات کے تحت صبح 8 بجے سے کل 70 سیٹوں پر ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ صبح ہلکی ٹھنڈ ہونے کی وجہ سے پولنگ بوتھوں پر ووٹروں کی تعداد کم دیکھی گئی تھی لیکن دوپہر ہوتے ہوتے ووٹ کرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ گئی۔ دریں اثنا، متعدد اہم شخصیات نے ووٹ ڈال دیا ہے۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالے۔ سونیا گاندھی صبح نرمان بھون پولنگ اسٹیشن پر پہنچیں اور ووٹ ڈالا۔ ان کے ساتھ ان کی بیٹی پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ پرینکا نے اس موقع لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور اہلیہ گرشرن کور نے بھی اسی پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا ۔ راہل گاندھی نے اورنگ زیب لائین کے این پی سینئر اسکینڈری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا۔ پرینکا گاندھی لودھی اسٹیٹ کے سردار پٹیل اسکول میں ووٹ ڈالنے کے لئے گئیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
کیجریوال نے بھی ووٹ ڈالا: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو خاندان کے ساتھ سول لائنس کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالا اور امید ظاہر کی کہ لوگ ان کے کئے گئے کام کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور عام آدمی پارٹی (آپ) دارالحکومت میں تیسری بار حکومت بنائے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سنیل یادو اور کانگریس کے رومیش سبھروال نئی دہلی سیٹ سے کیجریوال کے خلاف انتخابی میدان میں اترے ہیں۔
وزیر اعلی نے نامہ نگاروں سے کہا ’’میں سب کی طرف سے، خاص طور سے خواتین سے، آج ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ دہلی کے لوگ ہمارے کام کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ مجھے امید ہے کہ عام آدمی پارٹی دہلی میں تیسری بار اقتدار میں واپس آئے گی‘‘۔
اڈوانی نے بھی ووٹ ڈالا: نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کے رہنما لال کرشن اڈوانی اور ان کی بیٹی پرتبھا اڈوانی نے اورنگ زیب لین میں واقع پولنگ بوتھ میں جاکر ووٹ ڈالا۔ یہ علاقہ نئی دہلی اسمبلی حلقے میں آتا ہے جہاں سے عام آدمی پارٹی (عآپ)کے رہنما اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال امیدوار ہیں۔
ادھر، الیکشن کمشنر سشیل چندرا اور ان کی اہلیہ نیتو چندرا نے بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انہوں نے نیو موتی باغ کے پولنگ بوتھ نمبر 99 میں ووٹ ڈالا۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر، سابق نائب صدر حامدانصاری، دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال، نائب وزیراعلی منیش سیسودیا کے علاوہ کئی دیگر لیڈروں نے ووٹ ڈالے۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے تغلق کریسنٹ کے این ڈی ایم سی اسکول میں ووٹ ڈالا۔ سابق نائب صدر حامد انصاری نے نرمان بھون کے نزدیک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالا۔ اس کے علاوہ دہلی کے چیف سکریٹری وجے کمار دیو نے بھی ووٹنگ کرکے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لئے سخت حفاظتی بندوبست کے درمیان آج صبح آٹھ بجے سے پولنگ جاری ہے اور شام چھ بجے تک چلے گی۔ ووٹوں کی گنتی 11 فروری کو ہوگی۔ دہلی میں اس وقت کل ایک کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار 382 ووٹر ہیں جن میں سے 132 ووٹر 100 یا اس سے زائد عمر کے ہیں۔ کل ووٹروں میں مردوں کی تعداد 81 لاکھ پانچ ہزار 236 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 66 لاکھ 80 ہزار 277 ہیں۔