نئی دہلی ، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی حکومت نے چل رہیں گاڑیوں میں سی این جی کٹ بعد میں لگانے پر لگی روک کو ہٹانے کے فیصلے کو اگلے چند دن تک ٹال دیا ہے۔حکومت کو کچھ مینوفیکچررز کی طرف سے غیر ثابت شدہ کٹس کے بارے میں شکایات ملی تھیں۔دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ ستیندر جین نے کہا کہ حکومت نے شہر میں سی این جی کٹ کی فراہمی کرنے والے تمام رجسٹرڈ سازوں کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بعد ایسی کٹ لگانے پر لگی پابندی ہٹائی جائے گی۔گزشتہ ہفتے محکمہ ٹرانسپورٹ نے حکم جاری کرکے چل رہیں گاڑیوں میں بعد میں سی این جی کٹ لگانے پر پابندی کا حکم جاری کیا تھا۔جین نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اس علاقے میں کام کر رہے حریف گروپوں نے شکایت درج کرائی،پہلے ہم تمام رجسٹرڈ سی این جی کٹ سازوں کا معائنہ کریں گے اور اس کے بعد ہم پابندی ہٹائیں گے۔