نئی دہلی،14نومبر(آئی این ایس انڈیا) شمال مغربی دہلی میں اتوار کی صبح ایک جھونپڑی میں آگ لگنے کے بعد ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 17 افراد زخمی ہوگئے۔دہلی فائر سروس ڈپارٹمنٹ کے حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ آزاد پور کے لال باغ علاقے میں پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کو صبح تقریباً 10 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ حکام کے مطابق حادثے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔دہلی فائر سروسز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے کہاکہ ہم نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر تین فائر ٹینڈرز کو موقع پر پہنچایا، 25 گز کی جھونپڑی میں ایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا، جس کی وجہ سے پانچ لوگ جھلس گئے۔ فائر فائٹرز نے تھوڑی دیر میں آگ پر قابو پالیا۔پولیس کے مطابق دھماکے سے پانچ مکانات کو نقصان پہنچا۔ دھماکے سے مجموعی طور پر 17 افراد جھلس گئے۔نارتھ ویسٹ دہلی کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس اوشا رنگنی نے کہاکہ آدرش نگر پولیس اسٹیشن میں صبح تقریباً 10.08 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی، جس میں آزاد پور کے لال باغ مسجد کے قریب ایک گھر میں سلنڈر دھماکہ ہوا۔ پولیس کو پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔پولیس کے موقع پر پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ اس حادثے میں 17 افراد جھلس گئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق 16 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ ایک شخص شدید جھلس گیا ہے جسے رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔