ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی میں یکم جون کے بعد کورونا کے 10000 مریضوں کی تصدیق 

دہلی میں یکم جون کے بعد کورونا کے 10000 مریضوں کی تصدیق 

Thu, 11 Jun 2020 22:24:01    S.O. News Service

نئی دہلی،11/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) روزانہ کورونا کے اوسطا 1250 نئے معاملے آنے کے ساتھ ہی دہلی میں یکم جون سے محض آٹھ دن میں 10000 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ پہلے 10000 تک پہنچنے میں 79 دن لگے۔

دہلی حکومت کے اعداد و شمار کے تجزیے سے یہ انکشاف ہوا ہے۔ دہلی میں 13 دن میں 10000 سے 20000 کورونا وائرس کے مریض تھے۔پہلا معاملہ یکم مارچ کو دہلی میں سامنے آیا تھا جب مشرقی دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر کو اٹلی سے واپسی کے بعد کورونا انفکشن ہوا تھا۔ دہلی حکومت کے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ 18 مئی تک دہلی میں روزانہ تقریباً 127 نئے مریض سامنے آنے کے ساتھ کورونا کے کل معاملے 10054 ہوچکے تھے۔اگلے 13 دنوں میں یہ تعداد بڑھ کر 19844 ہوگئی۔ اس وبا سے مرنے والے مریضوں کی تعداد بھی 18 مئی کو 160 سے بڑھ کر 31 مئی کو 473 ہوگئی۔

دہلی حکومت کے مطابق پیر کو قومی دارالحکومت میں کورونا کے معاملات 29943 تک پہنچ گئے اور 874 افراد اس مرض کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ اگلے دن مجموعی طور پر 30000 سے تجاوز کرگئے اور ہلاکتوں کی تعداد 905 تک پہنچ گئی۔3 جون کو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 1513 نئے مریض سامنے آئے تھے۔ 28 مئی کو پہلی بار ایک ہزار سے زائد نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد سے 31 مئی تک مسلسل چار دن سے ایک ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 


Share: