نئی دہلی ،05 اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت سے انکار کر دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ دہلی اور مرکز کے درمیان افسروں کی تقسیم پر پانچ ججوں کی آئینی بنچ کا فیصلہ پہلے ہی آ چکا ہے ۔ اس لئے اس عرضی پر سماعت اب ضروری نہیں ہے ۔عرضی وکلاء کی ایک تنظیم نے دائر کیا تھا۔ پچھلے چار جولائی کو اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر ہی ریاست کے سر براہ ہیں لیکن وہ منتخب حکومت کے لئے رخنہ پیدا نہیں کر سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کو آزادانہ فیصلہ لینے کا اختیار نہیں ہے ۔ لوگوں کی فلاح و بہبود اور ایک دوسرے کے احترام کا جذبہ ہونا چاہئے ۔ ایک شخص کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہئے۔سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر کابینہ کے مشورہ اور مدد سے کام کریں۔ ہر مسئلے پر ان کی رضا مندی لازمی نہیں ہے ۔ ان کے ذریعہ لئے گئے ہر فیصلے کو دہلی کابینہ کو مطلع کرنا چاہئے ۔ ہر تنازعہ کو صدر جمہوریہ کو ریفر نہیں کرنا چاہئے۔اگر کوئی بڑا تنازعہ ہو تو اسے صدر کو ریفر کرنا چاہئے۔