نئی دہلی، 8 نومبر (آئی این ایس انڈیا) قومی راجدھانی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے درمیان ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کئے گئے ایک سروے سے پتہ چلا ہے کہ اس خطے کے ہر 5 میں سے 4 گھرانوں کو آلودہ ہوا کی وجہ سے ایک یا زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔لوکل سرکلز کے ذریعہ کئے گئے سروے میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ دہلی کے 91 فیصد باشندوں کا ماننا ہے کہ انتظامیہ اس دیوالی پر پٹاخوں کی نقل و حمل، تقسیم اور فروخت پر پابندی کو نافذ کرنے میں مکمل یا جزوی طور پر غیر موثر تھی۔ایک بیان کے مطابق سروے کے دوران دہلی، گڑگاؤں، نوئیڈا، غازی آباد اور فرید آباد سے 34000 سے زیادہ لوگوں کے جوابات موصول ہوئے۔ ان میں سے 66 فیصد مرد اور 34 فیصد خواتین تھیں۔ سروے میں ان سے گزشتہ ہفتے دہلی-این سی آر میں ہوا کا معیار خراب ہونے کے بعد انہیں درپیش صحت کے مسائل کے بارے میں پوچھا گیاتھا۔بیان میں کہا گیاکہ اس کے جواب میں 16 فیصد نے کہا کہ ان کے گلے میں خراش یا بلغم یا دونوں ہیں، جب کہ دیگر 16 فیصد نے کہا کہ ان کی آنکھیں جل رہی ہیں، گلے میں خراش اور ناک بہتی ہے۔دیگر 16 فیصد نے کہا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس بیان کے مطابق صرف 20 فیصد لوگوں نے کہا کہ آلودہ ماحول کی وجہ سے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ اوسطا ہر 5 میں سے 4 گھرانوں کو آلودہ فضاکی وجہ سے صحت سے متعلق ایک یا زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔تقریبا 24 فیصد ایسے لوگ ہیں جنہیں مذکورہ بالا تمام مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ8 فیصد کو کم از کم دو علامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تقریبا 22 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ یا ان کے خاندان کا کوئی فرد فضائی آلودگی کی وجہ سے صحت کے مسائل کی وجہ سے ڈاکٹر یا اسپتال گئے تھے۔