نئی دہلی،24؍جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )ایک فوجی میجر کی اہلیہ کی خون سے لت پت لاش ہفتہ کو دہلی کنٹونمنٹ کے میٹرو اسٹیشن کے پاس برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون صبح 10بجے فیزیو تھیراپی کیلئے آرمی اسپتال گئی تھی۔ دوپہر تقریبا ایک بجے اس کی لاش کینٹ علاقہ میں ملی ۔ خاتون کی شناخت اس وقت ہوسکی جب شام چار بجے میجر نے پولیس اسٹیشن میں اپنی اہلیہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
خاتون جس گاڑی سے اسپتال گئی تھی وہ میجر کو اسائن کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق جب ڈرائیور خاتون کو واپس لینے کیلئے اسپتال گیا تو اسے بتایا گیا کہ خاتون ہفتہ کو فیزیو تھیراپی کے سیشن کیلئے نہیں آئی ۔ واقعہ کی جانچ میں شامل ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ ذاتی وجوہات کی بنا پر قتل کا معاملہ ہوسکتا ہے۔
افسروں نے بتایا کہ پہلی نظر میں ایسا لگ رہا ہے کہ متاثرہ اور ملزم دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ہفتہ کو ساتھ ہی سفر کررہے تھے۔ پولیس نے لوٹ اور کسی طرح کے جنسی تشدد کے مقصد کو خارج کردیا ۔ پولیس کے مطابق کسی بھی طرح کے نشان نہیں ملے ہیں ۔ خاتون کے زیورات بھی جوں کے توں ہیں۔ پولیس نے کہا کہ فورنسک ٹیم کو سبھی ثبوت اکٹھا کرنے کیلئے جائے واقعہ پر بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک مشتبہ کی شناخت کی ہے اور جلد ہی گرفتاری عمل میں آسکتی ہے ۔