جے پور،یکم جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے کوٹہ میں بچوں کی اموات پر سیاست شروع ہو گئی ہے۔بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ کے ایک وفد نے اس اسپتال کا دورہ کیا ہے جہاں گزشتہ ایک ماہ میں 77 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔بی جے پی کے وفد نے اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد ریاستی حکومت پر نشانہ لگایا۔بی جے پی کی خاتون ممبران پارلیمنٹ کی تین رکنی ٹیم نے اس اسپتال کا دورہ کیا۔اس ٹیم نے بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور پھر براہ راست گہلوت حکومت کو نشانے پر لیا۔بتا دیں کہ کوٹہ میں بچوں کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال جے کے لون زچہ بچہ اسپتال سوالوں کے گھیرے میں ہے۔اس اسپتال میں مسلسل بچوں کی موت ہو رہی ہے۔بتا دیں کہ راجستھان میں حکومت کانگریس کی ہے اور صوبے کے وزیر اعلی اشوک گہلوت ہیں۔اس پورے معاملے پر ریاست کے وزیر اعلی گہلوت نے کہاکہ آپ کو اگر اعداد و شمار بتاؤں تو سب سے کم موت 6 سال میں اس سال ہی ہوئی ہے۔سب سے کم جانیں اس سال گئی ہیں۔ایک بھی ہونا بدقسمتی کی بات ہوتی ہے مگر اموات 1500 بھی ہوئی ہیں۔ایک سال کے اندر 1400 بھی ہوئی ہیں 1300 بھی ہوئی ہیں۔اس سال تقریباََ900 ہوئی ہیں۔