بنگلورو،26؍جولائی(ایس اونیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں صدر کانگریس راہل گاندھی وزارت عظمیٰ کے لئے کانگریس کے امیدوار ہوں گے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ راہل گاندھی نے یہ بیان دیا ہوکہ وہ وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار نہیں ہیں، لیکن کانگریس پارٹی قائدہونے کے ناطے وہی اس ملک کے قائد ہیں۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ ہر مرحلے میں گاندھی خاندان ملک کے لئے قربانی پیش کی ہے، 2004میں موقع ملنے کے باوجود بھی سونیا گاندھی نے وزارت عظمیٰ منموہن سنگھ کو سونپی ، اب جبکہ 2019 میں ایک بار پھر کانگریس کو اقتدار پر آنے کا موقع مل رہا ہے راہل گاندھی کا یہ بیان ان کے جذبۂ قربانی کا مظہر ہے۔
ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ کانگریس کی قیادت میں اگر مرکزی حکومت قائم ہوئی تو راہل گاندھی کے علاوہ کوئی بھی وزیراعظم نہیں بنے گا۔ ریاستی حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے بعد بھی کسانوں کی خود کشی کا سلسلہ جاری رہنے کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہوسکتاہے کہ کسان قرضوں کی وجہ سے نہیں بلکہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر خود کشی کرتے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرضوں کو معاف کرنے کے معاملے میں حکومت خاموش نہیں بیٹھی ہے۔ کل ہی بینک والوں کے ساتھ میٹنگ کی گئی ہے اور قرضوں کی معافی کو قطعیت بھی دی جاچکی ہے۔ اس کے باوجود بھی ہر معاملے میں حکومت کو نشانہ بنانا درست نہیں۔