نئی دہلی30ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی کے سامنے ہر ہر مہادیو اور بم بم بھولے کے نعرے لگانا پارٹی کے ایک کارکن کومہنگاپڑگیاہے۔دراصل راہل 28 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے چترکوٹ پہنچے تھے۔یہاں پرانہوں نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ خطاب کے بعد راہل گاندھی جب واپس آ رہے تھے تو وہ الہ آباد کے بمرول ایئر پورٹ پر تھوڑی دیرکے لیے رکے۔اس دوران ان کے سامنے ہر ہر مہادیو اور بم بم بھولے کے نعرے لگائے گئے۔نعرے لگانے والوں میں نوجوان کانگریس کے ریاستی سیکرٹری حسیب احمدبھی تھے۔کانگریس پارٹی کے ضلع صدر نے حسیب احمد کے اس ایکٹ کو ڈسپلن شکنی مانتے ہوئے ان کو پارٹی سے برخاست کرنے کے لیے کانگریس ریاستی صدر راج ببر کو خط بھیجا ہے۔ایک طرف جہاں کارکن راہل گاندھی کو شیوبھکت کو بتانے میں لگے ہیں وہیں الہ آباد میں ان کے سامنے شیوکے نعرے لگانے پر کارکن کو پارٹی سے باہرکاراستہ دکھانے کامطالبہ کیاگیاہے۔بتا دیں کہ راہل گاندھی 28 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے چترکوٹ پہنچے تھے۔یہاں پرراہل کے استقبال میں پوسٹرلگائے گئے تھے۔پوسٹر میں انہیں رام بھکت بتایاگیاتھا۔اس سے پہلے بھوپال پہنچنے پرانہیں شیوبھکت کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔