ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / رشوت طلب کرکے کمیٹیوں اور سوسائٹیوں کا رجسٹریشن کرنے والا آفسر کاروار میں رنگے ہاتھوں گرفتار

رشوت طلب کرکے کمیٹیوں اور سوسائٹیوں کا رجسٹریشن کرنے والا آفسر کاروار میں رنگے ہاتھوں گرفتار

Tue, 16 Feb 2021 20:39:22    S.O. News Service

کاروار16 فروری (ایس او نیوز)   کاروار میں چھوٹے موٹے اداروں، سوسائٹیوں اور کمیٹیوں وغیرہ کے  رجسٹریشن کرنے والے  ایک سنئیر آفسر کو رشوت لینے کےدوران  انٹی کرپشن بیورو نے اچانک دھاوا بولتے ہوئے  آج منگل کو  رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ آفسر کی شناخت  بھاسکر نائک کی حثیت سے کی گئی ہے جس کا تعلق بھٹکل کے بیلکے سے ہے۔

بتایا گیا ہے کہ  کمیٹی اور سوسائٹی وغیرہ کے رجسٹریشن کے لئے یہ آفسر 1500 کی جگہ پر کسی سے تین ہزار، کسی سے چار ہزار یہاں تک کہ  بعض لوگوں سے پانچ ہزارروپیہ  تک طلب کرتا تھا اور لوگ اپنا کام نپٹانے کے لئے طلب کی گئی رقم اُسے دے  دیا کرتے تھے۔مگر اس بارسنیل ہنکون نامی ایک شخص نے جب اپنی ایک کمیٹی رجسٹرڈ کرنے کے لئے متعلقہ پیپرس جمع کرائے تو اس آفسر نے اسے 1500 کی جگہ پر  تین ہزار روپیہ طلب کیا جس پراس نے انٹی کرپشن بیورو کو شکایت کی۔ آج منگل شام کو جب سنیل  1500 زائد روپیہ آفسر کو دے رہا تھا  تو  اُسی وقت انٹی کرپشن بیورو  کی ٹیم نے دھاوا بول دیا اور رشوت کی رقم لینے کےدوران رنگے ہاتھوں بھاسکر کو  گرفتار کرلیا۔

عوامی سطح پر الزام لگایا گیا ہےکہ ضلع بھر کے کسی بھی ادارے کو رجسٹریشن کروانا ہے تو متعلقہ دفتر کے ہر ٹیبل کے افسرکو مانگی گئی رقم اداکرناضروری ہوتاہے۔ یہاں جب تک جیب سے پیسہ نہیں نکالاجاتا تب تک کوئی کام نہیں ہوتاہے۔ مزے کی بات یہ  ہے کہ رشوت میں بھی ڈسکاؤنٹ دیاجاتاہے۔ پچھلے کئی برسوں سے رجسٹریشن دفتر میں رشوت خوری عام تھی ، لیکن کسی نے بھی اس تعلق سے کوئی شکایت درج نہیں کی تھی  جس کی وجہ سے اس طرح کے رشوت خو رآفسران کے حوصلے بلند ہوتے جارہے تھے ۔ پہلی مرتبہ کسی نے  انٹی کرپشن بیورو سے شکایت کی تو افسران نے فوری طورپر کارروائی کرتےہوئے اسے  رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔  اے سی بی شعبہ کے ڈی ایس پی منجوناتھ کوری کی رہنمائی میں پی آئی علی شیخ اور انیس احمد مجاور کی قیادت میں کی گئی کارروائی میں راجیش پربھو، کرشنا ، گجیندر شیوکمار ، محبوب علی وغیرہ شریک تھے۔


Share: