تریچورہ پلی،29؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) تمل ناڈو کے تریچورہ پلی میں 70 فٹ بووریل میں گرا 2 سا ل کا معصوم سجیت ولسن آخر کار زندگی کی جنگ ہار ہی گیا۔ ریسکیو ٹیم اسے بورویل سے زندہ نہیں نکال پائی۔ ولسن کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک سرکاری افسر نے کہا کہ سجیت ولسن کا جسم بورویل کے اندر ڈی کمپوزڈ (سڑ۔گل )گیا تھا۔ معصوم کو بچانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا"۔
سجیت ولسن جمعہ یعنی 25اکتوبر کی دوپہر اپنے گھر کے پیچھے کھیلتے۔کھیلتے 25 فٹ گہرے بورویل میں گرگیا تھا لیکن پھسلتے ہوئے وہ 70 فٹ تک کی گہرائی میں چلا گیا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے پوزیشن سمجھنے کے بعد کہا تھا کہ بچے کو نکالنے میں آدھے دن کا وقت اور لگے گا لیکن منگل کو علی الصبح بورویل کے اندر سے بدبو آنے لگی۔ بچے کا جسم سڑ چکا تھا۔ اب لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیم میں شامل ایک ممبر کے مطابق بچے تک پہنچنے کیلئے تقریبا 40 میٹر کا گڈھا کھود لیا گیا تھا۔ بچہ 70 فٹ گہرے گڈھے میں گرا تھا ایسے میں بچے تک پہنچنے کیلئے ایک میٹر چوڑی سرنگ بنانے کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن یہ کوشش بھی ناکام رہی۔ کیونکہ ٹھیک سے سانس نہیں لے پانے کی وجہ سے بچہ بیہوش ہوگیا تھا اور کوئی حرکت نظر نہیں آ رہی تھی۔