نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت کے ایک کروڑ سے زائد ملازمین اور پنشن یافتگان کے لیے ایک بڑے تحفے کے طور پر کابینہ نے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کو لاگو کرنے کی تجویز کو آج منظوری دے دی۔ پے کمیشن نے اپنی رپورٹ میں تنخواہ،بھتہ وغیرہ میں مجموعی طور پر 23.5فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی میٹنگ کے فورا بعد ٹوئٹر کے ایک پیغام میں کہاکہ مرکزی حکومت کے افسروں، ملازمین اور پنشن یافتگان کو ساتویں پے کمیشن کے ذریعے ان کی تنخواہ اور مراعات میں تاریخی اضافہ کے لیے مبارک باد۔ لیکن فورا یہ معلوم نہیں ہوسکاکہ کابینہ نے جو فیصلہ کیا ہے اس میں تقریباََ 50لاکھ سرکاری ملازمین اور 58لاکھ پنشن یافتگان کے لیے پے کمیشن کی سفارشات میں حکومت کی جانب سے کوئی اور اضافہ کیا گیا ہے۔ایک افسر نے کہا کہ کابینہ نے یکم جنوری 2016سے سفارشات کو لاگو کرنے کی منظوری دی ہے۔پے کمیشن نے گزشتہ سال نومبر میں پیش کی گئی رپورٹ میں جونیئر سطح پر اصل تنخواہ میں 14.27فیصد کے اضافہ کی سفارش کی تھی جو گزشتہ 70سالوں میں کسی بھی مرکزی پے کمیشن کی طرف سے تجویزکردہ کم از کم اضافہ ہے۔چھٹے پے کمیشن نے تنخواہ ،بھتوں میں 20فیصد اضافہ کا سفارش کی تھی جسے حکومت نے 2008میں لاگو کرتے وقت دوگنا کر دیا تھا۔