سداپور، 31 ؍ مئی (ایس او نیوز) کانگوڈ میں منعقدہ سالانہ مچھلی شکار میلہ کے دوران مناسب مقدار میں مچھلیاں ہاتھ نہ آنے پر ناراض ہجوم نے جو ہنگامہ آرائی کی تھی اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 11 افراد کو گرفتار کرلیا ۔
خیال رہے کہ کانگوڈ کے ماریکمبا مندر کے پاس واقع تالاب میں ایشور مندر کمیٹی کی طرف سے سالانہ مچھلی شکار میلہ لگتا ہے جس میں شریک ہونے والوں سے فیس وصول کی جاتی ہے ۔ امسال فی کس 600 روپے فیس ادا کرکے تقریباً 5000 ہزار افراد مچھلیاں شکار کرنے کے لئے تالاب میں اترے تھے ۔
شکار کے دوران جب مناسب مقدار میں مچھلیاں ہاتھ نہیں لگیں تو تقریباً 3000 افراد نے اپنی رقم واپس لوٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ کمیٹی کے اراکین نے جب یہ بات نہیں مانی تو ہجوم نے کمیٹی والوں پر حملہ کیا ۔ جب سداپور پولیس انسپکٹر ہنومنتھپا کمبار اور دیگر عملہ نے ہنگامہ روکنے کی کوشش کی تو لوگوں نے پولیس والوں پر بھی حملہ کر دیا ۔ یہ دیکھ کر مندر کمیٹی والے موقع پر فرار ہوگئے ۔ لیکن مشتعل لوگوں نے ان کا پیچھا کیا اور ان کے گھروں اور گاوں میں واقع دکانوں تک پہنچ کر ہنگامہ برپا کردیا ۔ کچھ دکانوں کو لوٹنے کے علاوہ بعض جگہ آگ بھی لگائی گئی ۔
اس دوران پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے مندر کمیٹی والوں کو رقم واپس کرنے پر منوالیا اور تقریباً 2000 افراد کو رقم واپس لوٹانے کے بعد حالات پر قابو پا لیا گیا ۔
سداپور پولیس نے ہجوم پر لوٹ مار، ہنگامہ آرائی اور پولیس پر حملہ کے معاملات درج کرنے کے علاوہ مندر کمیٹی پر عوام سے پیسہ وصول کرکے انہیں دھوکہ دینے کے الزام میں کیس درج کر لیا ۔ اس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اب تک 11 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔