ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سردارپٹیل کی143ویں جینتی۔وزیراعظم کے ہاتھوں’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ کا افتتاح ہندوستان دنیا کا بلند ترین مجسمہ رکھنے والا ملک بن گیا

سردارپٹیل کی143ویں جینتی۔وزیراعظم کے ہاتھوں’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ کا افتتاح ہندوستان دنیا کا بلند ترین مجسمہ رکھنے والا ملک بن گیا

Thu, 01 Nov 2018 12:21:24    S.O. News Service

کیوڈیا یکم نومبر؍نومبر (ایس او نیوز؍ یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے آبائی صوبہ گجرات کے نرمدا ضلع میں کیوڈیا میں واقع سردار سروور ڈیم سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر سادھو جزیرے پر تیار سردارولبھ بھائی پٹیل کے 182 میٹر بلند مجسمہ’’ اسٹیچو آف یونٹی ‘‘کو قوم کے نام منسوب کیا۔اس کے ساتھ ہی یہ چین کے اسپرنگ فیلڈ بودھ کے 153میٹر بلند مجسمہ کو باضابطہ طور پر پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا بلند ترین مجسمہ بن گیا۔ اس کی بلندی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف اس کے چہرے کی اونچائی ہی سات منزلہ عمارت کے برابر ہے ۔ اس کے ہاتھ 70فٹ لمبے ہیں جبکہ پاؤں کے نچلے حصے کی اونچائی 85 فٹ ہے ۔تقریباً تین ہزار کروڑ روپے کے اخراجات سے قریب ساڑھے تین سال میں بن کر تیار ہونے والے اس مجسمہ کی اونچائی نیویارک واقع ’’اسٹیچو آف لبرٹی‘‘ سے بھی تقریباً دو گنی ہے ۔ اسے بنانے کا اعلان گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ کے طور پر نریندر مودی نے سال 2010 میں کیا تھا۔ اس کام کیلئے ایل اینڈ ٹی کمپنی کو اکتوبر 2014 میں مقرر کیا گیا تھا۔کام کا آغاز اپریل 2015 میں ہوا تھا۔اس میں 70؍ہزار ٹن سیمنٹ، تقریباً 24000ٹن اسٹیل، 1700 ٹن تانبا اور اتنا ہی کانسہ لگا ہے ۔ اس پہاڑی علاقے ، دریائے نرمدا اور قریبی سردار سروور ڈیم کا نظارہ دیکھنے کے لئے ایک اسپیکٹیٹر زون بھی بنایا گیا ہے۔ اس میں دو لفٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ دریائے نرمدا کے کنارے پھولوں کے باغیچے ویلی آف فلاوز، ملک کے ایک لاکھ 69 ہزار دیہات سے لائی گئی مٹی سے بنی اتحاد کی دیوار (وال آف یونٹی) اور سیاحوں کے لئے تیار ٹینٹ سٹی کا بھی مودی نے افتتاح کیا۔ مودی کی جانب سے مسٹر پٹیل کی جینتی پر آج اس مجسمہ کو ملک کومنسوب کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اس پر پھول بھی برسائے گئے ۔ فضائیہ کے طیاروں نے اس موقع پر آسمان میں ترنگا بنایا۔ گجرات حکومت کی جانب سے مسٹر مودی کو اس موقع پر ایک توصیفی سند اور اس مجسمہ کی تیاری کے لئے کسانوں سے سامان جمع کرنے کی مہم کے دوران ملا پہلا کھیت اورجھارکھنڈ کے ایک کسان کا ہتھوڑا بھی سونپا گیا۔اس موقع پر منعقد اہم تقریب میں سردار پٹیل کے لواحقین بھی موجود تھے ۔کرناٹک کے گورنر وجوبھائی والا، مدھیہ پردیش کی گورنر مسز آنندی بین پٹیل، گجرات کے گورنر او پی کوہلی، وزیر اعلیٰ وجے روپانی، نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل اور بی جے پی صدر امیت شاہ بھی وہاں موجود رہے ۔


Share: