سرسی،8؍دسمبر(ایس او نیوز)اکثر و بیشتر تفریحی مقامات، ٹریفک سگنل اور بازاروں میں تالیاں بجاکر بھیک مانگتے نظر آنے والی ہیجڑوں کی ٹولیاں اس وقت سرسی کے دکانداروں کے لئے ایک وبال بن گئی ہیں۔کیونکہ دکانوں میں گھس کر آوازیں لگانے سے گاہک کے طور موجود خواتین پریشان ہوجاتی ہیں اور پھر بھیک نہ دینے پر یہ لوگ جس طرح کی غیر شائستہ حرکتیں کرتے ہیں اس سے دکانداروں کو بڑی خفت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
معلوم ہوا ہے سرسی شہر میں ہفتے میں دو مرتبہ ہیجڑوں کی پانچ چھ ٹولیاں آتی ہیں اور زیادہ تر بازار میں گھوم پھر کر دکانداروں کو ہی نشانہ بناتی ہیں۔ابھی حا ل میں یہاں کے دیوی کیرے علاقے میں واقع ایک دکان میں دو ہیجڑوں نے گھس کر ایک بزرگ دکاندار سے نہ صرف گالی گلوچ کی بلکہ اپنی ساڑی کا دامن اس کے جسم پرڈالتے ہوئے ہراساں کرنے لگے۔ اسی طرح ہراسانی کے واقعات دوسری دکانوں میں بھی پیش آئے ہیں۔دکانداروں کی شکایت ہے کہ اکثر یہ ہیجڑے دھمکیاں بھی دیتے ہیں کہ اگر انہیں پیسے نہیں دئے گئے تو پھر وہ اپنی جماعت والوں کو بلا کر ہنگامہ کھڑاکریں گے۔
سرسی کے دکانداروں نے ہیجڑوں کی اس غیر ضروری ،غیر اخلاقی اور ناشائشتہ حرکتوں پر اپنی ناراضی اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔اور مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی حرکتوں پر روک لگانے کے لئے پولیس اور تعلقہ انتظامیہ اقدامات کرے ۔