کاروار،3؍مارچ (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا کا ایک اہم تہوار ماری کمبا جاترے سرسی میں منعقد ہونے جارہا ہے او رانہی دنوں میں پی یو سی سال دوم کے طلبہ کے فائنل امتحانات بھی شروع ہورہے ہیں۔ ایسے میں چونکہ سرسی جاترے میں شریک ہونے والوں کے لئے خصوصی سرکاری بسیں چلائی جاتی ہیں، اس لئے طلبہ اور ان کے والدین کو یہ فکر ستارہی ہے کہ طلبہ کو اپنے رہائشی مقام سے امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لئے بسوں کی قلت ہوسکتی ہے اور انہیں زحمت اٹھانی پڑ سکتی ہے۔
لہٰذا طلبہ اور ان کے والدین کی طرف سے کے ایس آر ٹی سی محکمہ سے درخواست کی گئی ہے کہ ضلع شمالی کینرا میں بسوں کی قلت نہ ہو اور طلبہ کو وقت پر امتحانی مراکز پہنچنے کے لئے مناسب انتظامات کیے جائیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر مرتبہ انتخابات یا کسی اور وجہ سے سرکاری بسوں کو خصوصی ڈیوٹی پر لگائے جانے سے مضافات میں رہنے عوام اور بالخصوص طلبہ کو بڑی زحمت اٹھانی پڑتی ہے۔اس سال 3مارچ سے ماری کمبا تہوار شروع ہورہا ہے اور ۴ مارچ سے پی یو سی سال دوم کے فائنل امتحانات کا آغاز ہورہا ہے۔کے ایس آر ٹی سی کے سرسی زون کے افسر نے بتایا کہ اطراف اور مضافات سے تہوار میں شریک ہونے والوں کے لئے 100اضافی بسیں چلائی جائیں گی۔ضلع شمالی کینرا میں دیہاتی علاقوں سے امتحانات میں شرکت کے دوردراز مقامات پر پہنچنے کے لئے سرکاری بسوں کے علاوہ کوئی دوسری سہولت نہ ہونے کی وجہ سے والدین اور طلبہ کی تشویش ایک فطری بات ہے۔ مگرکے ایس آر ٹی سی کے ڈیویزنل کنٹرولر ویویک ہیگڈے نے یقین دلایا ہے کہ تہوار کی وجہ سے بسوں کی آمد ورفت پوری طرح نارمل رہے گی اور طلبہ کو کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔