بھٹکل:21 /ڈسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل کی سرکاری ڈگری کالج گذشتہ 10سالوں سے کرایہ کی عمارت میں تعلیم کا بندوبست کئے ہوئے ہے ،جس سے حکومت کو کروڑوں روپئے نقصان ہورہا ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ سرکاری ڈگری کالج کے لئے ذاتی عمارت کا بندوبست کرے، اس بات کا مطالبہ کرناٹکا سوابھیمانی کرانتی سنگھا بھٹکل شاخ نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ریاستی حکومت کے نام میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کیا ہے۔
میمورنڈم میں تحریر کیا گیا ہے کہ غریب اور پسماندہ طبقات کے طلبا کی سہولت کے لئے 10سال قبل منظور کی گئی ڈگری کالج کو ابھی تک ذاتی عمارت نصیب نہیں ہوئی ہے ، رنگین کٹے پرماہانہ 1لاکھ روپئے کے کرایہ کی عمارت میں تعلیم دی جارہی ہے۔ متعلقہ کرایے کی عمارت میں تعلیم کی بنیادی سہولیات جیسے کمپیوٹر لیب، لائبریری ، کھیل کا میدان ، طالبات کا کمرہ ، مناسب ٹائلیٹ وغیرہ نہیں ہیں، یہاں زیادہ تر طلبا دیہات سے تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، جس کے لئے ذاتی عمارت کا ہونا لازمی ہے، اس سلسلے میں مقامی عوامی نمائندے بھی ان دیکھی کررہے ہیں، ویدیکے نے حکومت سے فوری طورپر مناسب اقدامات کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔ بھٹکل اے سی رمیش نے اپیل وصول کی۔ اس موقع پر سنگھا کے ضلعی صدر ایرانائک، جنرل سکریٹری کمارنائک، وینکٹیش نائک، اشوک نائک، کے ایم شریف، جیون نائک اور دیویندر نائک وغیرہ موجود تھے۔