ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیلاب سے متاثرہ کولہاپور، سانگلی میں امدادی کام میں مصروف بحریہ کی ٹیمیں 

سیلاب سے متاثرہ کولہاپور، سانگلی میں امدادی کام میں مصروف بحریہ کی ٹیمیں 

Thu, 08 Aug 2019 10:53:49    S.O. News Service

ممبئی،8/اگست (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے کولہاپور اور سانگلی اضلاع میں شدید بارش سے متاثرہ لوگوں کو مددمہیا کرانے کے لیے ہندوستانی بحریہ کی پانچ ریسکیو ٹیمیں کام پر لگ گئی ہیں۔ایک افسر نے بدھ کو یہ معلومات دی۔مغربی مہاراشٹر میں گزشتہ چند دنوں میں ہوئی شدیدبارش کی وجہ سے کولہاپور اور سانگلی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔کولہاپور میں سیلاب کی وجہ سے تین گاؤں کے قریب 7,000لوگ پھنسے ہوئے تھے۔ حالانکہ منگل کو دونوں اضلاع میں 50,000سے زیادہ لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایاکہ علاقے میں شدید بارشوں سے متاثر مقامی لوگوں کی مدد کے لئے ریاستی انتظامیہ کے اصرار پر مغربی بحریہ کمان کی پانچ ٹیموں کو امدادی کام میں لگایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے شروع میں لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے باہرنکالنے کی منصوبہ بندی کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو اڑنے کی اجازت نہیں دی گئی۔افسر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے نکالنے کے لئے بحریہ کی پانچ اضافی ٹیمیں بدھ کو پہنچ گئی ہیں۔دریں اثنا گوا بحریہ نے کولہاپور میں ریسکیو کے کاموں کے لئے غوطہ خوروں کی چار ٹیموں کو بھی بھیجا ہے۔


Share: