بھٹکل:24؍فروری (ایس او نیوز) شرالی میں قومی شاہراہ کی 45میٹر توسیع کے ساتھ تعمیر کا مطالبہ لے کر پچھلے 10دنوں سے جاری دھرنے کو عارضی طورپر ختم کرنے کا دھرنےکی قیادت کررہے شرالی گرام پنچایت صدر وینکٹیش نائک نے اعلان کیا۔
اتوار کی شام رکن اسمبلی سنیل نائک، اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا اور سی پی آئی گنیش کے ایل کی موجودگی میں انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ شرالی میں 45میٹر توسیع والی قومی شاہراہ کی اشد ضرورت ہے، اس تعلق سے عوامی نمائندوں اور افسران کو متوجہ کیاگیا ہے، ہم نے پرامن دھرنے اور احتجاج کے ذریعے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کو متوجہ کرنےمیں کامیاب ہوئے ہیں۔ سرکارکا پیسہ ہمارا پیسہ ہے ، قومی شاہراہ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے، ضلع انتظامیہ اور آئی آر بی کمپنی شاہراہ تعمیری کام کوجاری رکھتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن 30میٹر محدود کرتے ہوئے اندرانی نالیوں کی تعمیر نہ کریں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی 45میٹر والی شاہراہ کی توثیق کرے گی، 30میٹر کے لئے جن زمینات کی حصولیابی ہوئی ہے افسران ان کو نکال باہر کریں، اگر افسران یہاں بھی تعصب اور تفریق سے کام لیتے ہیں تو پھر دھرنےپر بیٹھنے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر کرشنا نائک آسارکیری ، موہن دیواڑیگا، کشور نائک چتراپور، پربھاکر نائک، بی جےپی تعلقہ صدر راجیش نائک، سکریٹری سبرائے دیواڑیگا، بھاسکر دئیمنے ، ناگپانائک، پرمود جوشی وغیرہ موجود تھے۔