ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / شرور توحید پبلک اسکول کا خوبصورت سالانہ جلسے کا انعقاد :اولاد کو معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ دینے والا بنائیں : انجنئیر حافظ نذیر احمد قاضی

شرور توحید پبلک اسکول کا خوبصورت سالانہ جلسے کا انعقاد :اولاد کو معیاری تعلیم و تربیت کے ساتھ دینے والا بنائیں : انجنئیر حافظ نذیر احمد قاضی

Fri, 28 Dec 2018 22:31:05    S.O. News Service

شرور  :28؍ڈسمبر (ایس او نیوز)  اولاد اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں،اپنی اولاد کی صحیح تربیت کرتے ہوئے ہم اللہ تعالیٰ کا بہتر شکریہ ادا کرسکتے ہیں۔ ہمارا سب سے بڑا فر ض اپنی اولاد کی بہتر سے بہتر تربیت ہے۔ تربیت کے لئے ضروری ہے کہ والدین اپنا قیمتی وقت اولاد کو دیں، ان کے لئے بہترین نمونہ ، رول ماڈل بنیں ۔ ان خیالات کااظہار تربیت ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل کے نائب صدر انجنئیر حافظ نذیر احمد قاضی نے کیا۔

وہ یہاں توحید پبلک اسکول شرور کے شاندار و خوبصورت سالانہ جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے والدین و طلبا سے مخاطب تھے۔ موصوف نے اپنے پرمغز خطاب میں کہاکہ جلسہ میں شریک خواتین کی کثیر تعداد اس بات کی غماز ہے کہ وہ اپنی اولاد کے لئے فکرمند ہیں۔ انہوں نے احادیثؐ اور مثالوں کے ذریعے تعلیم اور تربیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صرف تعلیم یافتہ بنانے سے کچھ نہیں ہونے والا ہے،کیونکہ آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ انسانیت سوز فیصلے ایسے ہی  نام نہاد تعلیم یافتہ  افراد صادر کررہے ہیں۔ تو ضروری ہے کہ اولاد کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت ضروری ہے۔ حدیث کے حوالے سے کہاکہ کبھی ہم پورے عالم میں معزز تھے، اس لئے کہ سائنس، میڈیکل، تہذیب  سب کچھ ہماراتھا، جب تک ہم دنیا کو دیتے رہے سربلند رہے، جس دن سے ہم نے دینا چھوڑ دیا،ذلیل ہوگئے مجبور ہوگئے۔ اس لئے اولاد ایسی بہترین تعلیم اور تربیت  دیں کہ وہ اپنی زندگی میں دینے والے بنیں۔ اسی طرح اساتذ ہ سے بھی کہاکہ وہ صبر وتحمل کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں ۔ طلبا سے کہاکہ تم  ہمارا قیمتی مستقبل ہیں، نگاہ بلند رکھیں اور اعلیٰ سے  اعلیٰ منزلوں کو چھونےکی کاوشیں کریں۔

جلسے میں شریک اعزازی مہمان  کامیاب تاجر ،بھٹکل سے تشریف فرما سعدا قمرنے توحید اسکول کے طلبا وطالبات کی صلاحیتوں سے کافی متاثر ہوکر اپنی دلی مسرت کا اظہارکیا۔انتظامیہ، اساتذہ اور طلبا کو دلی مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بہت سارے پروگراموں میں شرکت کا موقع ملتاہے مگر یہاں مجھے بے حد خوشی حاصل  ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کو گراں قدر عطیہ سے بھی نوازا۔

  ادارے کے نائب صدر عنایت اللہ میڈیکل نے جلسہ کی صدار ت کرتے ہوئے بچوں میں خود اعتمادی کو بڑھانے کے متعلق پاور پرزنٹیشن کے ذریعے کئی نکات پیش کئے۔ ڈائس پروگرام کے بعد اسکول کے طلبا وطالبات نے  دلچسپ کلچرل ڈرامے ،فینسی ڈریس، پیرامیڈ، قوالی جیسے بامعنی ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ڈائس پر ادارے کے مینجر عبدالشکور وغیرہ موجود تھے۔

کا سمعان شیخبی کی تلاوت قرآن سے آغاز ہوا۔عرفین نے تلاوت کردہ آیات کا کنڑا ترجمہ پیش کیا۔  معلمہ نازیہ نے جلسے کی نظامت و استقبالیہ پیش کیا تو صدر مدرسہ زبیدہ صاحبہ نے اسکول رپورٹ کی خواندگی کی۔صائمہ نے کلمات تشکر ادا کئے۔ ثقافتی پروگرام کی  نظامت رمشا اور ہادیہ نے بہت ہی حسن سلیقہ سے انجام دیں۔ جلسہ میں شریک ہزاروں  مندوبین کی مشروبات سے تواضع کی گئی ۔


Share: