سری نگر،29؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں بدھ کے روز جنگجوؤں نے ریاستی پولیس کی ایک پارٹی پر حملے کرکے چار پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ حملہ آور مہلوک پولیس اہلکاروں کی تین سروس رائفلیں بھی اڑا کر لے گئے ہیں۔ ایک رپورت کے مطابق جیش محمد اور حزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے شوپیان کے آرہامہ علاقہ میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس کی اسکارٹ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے کا شکار ہونے والی اسکارٹ پارٹی ایک پولیس گاڑی کو ٹھیک کرانے کے لئے مذکورہ علاقہ میں گئی ہوئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا یہ پولیس پارٹی چار اہلکاروں پر مشتمل تھی۔ حملے میں چاروں اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔ انہیں نذدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں سبھی زخمیوں کو مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے اپنے مہلوک اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جاوید احمد بٹ ساکنہ پنزی نارہ ایچ ایم ٹی سری نگر، کانسٹیبل محمد اقبال میر ساکنہ بارہمولہ، کانسٹیبل اشفاق احمد میر ساکنہ شیخ پورہ بارہمولہ اور ایس پی او عادل منظور بٹ ساکنہ زاوورہ شوپیان کے بطور کی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ہم نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ حملہ آور مارے گئے پولیس اہلکاروں کی تین اے کے 47 رائفلیں اڑا کر لئے گئے ہیں۔ جنگجوؤں نے پولیس اہلکاروں سے چھینی گئی رائفلوں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہیں۔ جیش محمد اور حزب المجاہدین نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنگجوؤں کی طرف سے پولیس پارٹی پر حملہ شوپیان کے آرہامہ نامی علاقہ میں بدھ کو دوپہر کے وقت کیا گیا۔ معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ مہلوک اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔