نئی دہلی،25/جنوری (ایس او نیوز/یو این آئی) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے نے ملک کے عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے اور ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لئے خصوصی کوشش کئے جانے کی مرکزی حکومت کو صلاح دی ہے -جسٹس بوبڈے نے ٹیکس اپیلٹ ٹری بیونل کی79ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ‘ضرورت سے زیادہ ٹیکس’کو سماجی ناانصافی کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے -انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری ملک کے شہریوں کے تئیں سماجی ناانصافی ہے تو من مانے طریقے سے اور ضرورت سے زیادہ ٹیکس وصول کرنا حکومت کی جانب سے کی گئی سماجی ناانصافی ہے -چیف جسٹس نے ٹیکس سے متعلق تنازعوں میں ٹری بیونلوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کے حل کے لئے تشکیل عدالتیں ملک کے لئے وسائل اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں -جسٹس بوبڈے نے کہا ہے کہ ٹیکس ایسا موضوع ہے جس سے جڑے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے - انکم ٹیکس ٹری بیونل عدالت کو بوجھ کم کرنے کی سمت میں تعاون دے رہا ہے -