ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ضلع پنچایت کی سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ :تمام جاری سرکاری منصوبہ جات کو معاشی سال کے اختتام تک مکمل کرلینے جئے شری موگیر کی افسران کو ہدایات

ضلع پنچایت کی سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ :تمام جاری سرکاری منصوبہ جات کو معاشی سال کے اختتام تک مکمل کرلینے جئے شری موگیر کی افسران کو ہدایات

Sat, 13 Feb 2021 17:30:01    S.O. News Service

کاروار:13؍فروری (ایس اؤ نیوز)مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعے انجام دئیے جارہے مختلف سرکاری منصوبہ جات اور اسکیموں کو رواں معاشی سال کے اختتام تک مکمل کرلینے  ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے افسران کو ہدایات جاری کیں ہیں۔یہاں کاروار کے ضلع پنچایت ہال میں منعقدہ ضلع پنچایت کی کے ڈی پی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مختلف کاموں کاجائزہ  لینے کے بعد کہاکہ مارچ 2021کو معاشی سال مکمل ہورہاہے،مختلف منصوبہ جات اور اسکیموں کے ذریعے کروڑوں روپئے کے کئی سارے ترقی جاتی کام جاری ہیں،تما محکموں کے افسران  کے لئے ضروری ہے کہ ان منصوبہ جات  کی ترقی اور تکمیل کی طرف خصوصی توجہ دیں اور اگر کوئی کام امداد کی کمی کی وجہ سے نہیں ہورہاہے تو فوری طورپر اس پر توجہ دے کر حل کرے۔

موسم گرما کے متعلق انہوں نے افسران سےکہاکہ  اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ گرما کے موسم میں ضلع میں کہیں بھی پینے کے  پانی کی قلت نہ ہو۔ اس سلسلےمیں دیہی پینے کے پانی کا منصوبہ نئرملیا، پی ڈبلیو ڈی، کے آر آئی ڈی ایل ، ہیسکام ، چھوٹی آب پاشی وغیرہ کے محکمہ جات کے افسران آپسی تال میل کاموں کو انجام دیں۔ کسی حال میں بھی وہ شہری سطح پر ہو یا دیہی ، کہیں بھی پینے کے پانی کی قلت نہ ہو، سخت نگرانی رکھیں۔

کووڈ-19کی وجہ سے بندرکھے گئے اسکول اورکالج دوبارہ کھل چکے ہیں، ضلع کے ہرمقام سے طلبا و طالبات شہروں اور تعلقہ مراکز کی طرف سفرکرتے ہیں، اس تعلق سے سبھی محکمہ جات کے افسران طلبا کے لئے تعلیمی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں اور انہیں سہولیات فراہم کریں، صحت عامہ کی طرف سے پیشگی اقدامات، کے ایس آر ٹی سی بسوں کا انتظام، محکمہ سماجی فلاح وبہبودی کی طرف سے کھانے پینے کا انتظام سمیت مختلف انتظامات کرنے اورسہولیات کو وقت پر فراہم کرنےکی ہدایات جاری کیں۔

محکمہ ماہی گیری کے مختلف منصوبہ جات کے تحت کئی مکانات منظور ہوچکے ہیں، انتخابی مراحل بھی طئے کرلئے گئے ہیں، لیکن ابھی مکانات کی تقسیم نہیں ہوئی ہے، اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو چاہئے کہ وہ مستفیدین میں مکانات کی تقسیم کاری شروع کریں ، اگر اس تعلق سے کوئی رکاوٹ ہوتو اس کو دورکرلیں اور یہ کام معاشی سال کے اختتام تک پوراکریں۔ اسی طرح انہوں نے  زرعی اور باغبانی محکمہ کے تحت کسانوں کے لئے راحت دینے کا بھی انتظام کرنے اور رواں سال بیج ، کھاد، تاڑپال وغیرہ کی وقت پر تقسیم کرنے پربھی  زور دیا۔

صدر کے سوالات پر وضاحت کرتے ہوئے زرعی محکمہ کے افسران نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے حکم دیاگیا ہے کہ ہرماہ ایک کسان کو 50تھیلے کھاد مہیا کیا جائے، جس کے مطابق ضلع میں کھاد کی تقسیم کی جارہی ہے۔ مزید کہا کہ  گزشتہ سال کی مقابلے میں  امسال  کسانوں نے زیادہ تاڑپال کی مانگ کی ہے، زیادہ تاڑپا ل کے لئے پیش کش ارسال کی جاچکی ہے۔ امید ہے کہ امسال ہر تعلقہ کے لئے 4-5سوتاڑپال منظورہونگے۔

ضلع پنچایت کے نائب صدر سنتوش رینکے ، سماجی انصاف کمیٹی صدر بسوراج ڈوڈمنی ، تعلیمی کمیٹی صدر چئترا کوٹھارکر، اوشانائک، ضلع پنچایت انتظامیہ افسر ناگیش رائیکرسمیت ضلع کے مختلف محکمہ جات کے افسران میٹنگ میں شریک تھے۔


Share: