نئی دہلی،4 جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مرکز نے تمام وزارتوں سے کہا ہے کہ وہ سروس سے منسلک موضوعات پر قانونی معاملات میں اپیل دائر کرنے میں تاخیر کو ختم کرے۔یہ پہل ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایسے معاملے پائے گئے جہاں ہندوستانی حکومت صرف اس بنیادپرکیس ہارگئی کہ اپیل دائر کرنے میں تاخیر ہوئی یا اس کی مقرر مدت پوری ہو گئی،ایسے بھی معاملے سامنے آئے ہیں جب تاخیر کی بنیادپر عدالت عظمی نے خصوصی اجازت کی درخواست مسترد کر دی۔ملازمین اور تربیت محکمہ کی طرف سے جاری حکم میں کہاگیاہے کہ اس بارے میں بار بار اشارہ کیا جاتا ہے کہ یہ بنیادی طور پر انتظامی وزارت یا محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ عدالتی معاملات میں ہر مرحلے میں وقت پر کام ہو،کسی بھی صورت میں کام اس طرح سے نہیں ہو کہ یہ کارروائی کی توہین بن جائے۔حکم میں کہا گیا ہے کہ وزارت یا محکمہ کی جانب سے مقررہ وقت پر مناسب کارروائی کی جانی چاہئے اور اگر کوئی تاخیر ہوتی ہو تو اس کی وجہ طے ہونی چاہئے اور فائل سونپی جانی چاہئے۔تمام وزارتوں سے عدالتوں میں چل رہی بحث پر پیچیدہ نگاہ رکھنے کی اپیل کی گئی ہے اور کسی بھی صورت حال میں تاخیر سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔