علی گڑھ ، 27؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کے زیرِ اہتمام منعقدہ 142 ویں اورینٹیشن پروگرام کے تقسیمِ اسناد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی لا ئبریرین ڈاکٹر نبی حسن نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے سینٹر میں چل رہے مختلف کورسزاعلیٰ تعلیمی ادارے میں اساتذہ کی مکمل نشوونما میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے اس کورس کے کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کیلئے مولانا آزاد لائبریری میں موجود تمام جدید سہولیات جیسے ای رسورسز اور پلیجیرزم چیک سافٹ وئیر بھی مہیا کرائے جائیں گے۔مہمانِ اعزازی لائف سائنس فیکلٹی کے سابق ڈین پروفیسر وضاحت حسین نے یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کو 1980 میں لندن کے کیو گارڈن کے حاصل دنیا بھر کے پھولوں کا پکٹورئیل چارٹ کا عطیہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی وسائل کی روشنی سے اے ایم یو کا ایچ آرڈی سینٹر ملک کے اعلیٰ ترین سینٹرس میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ سینٹر میں چل رہے کورسز میں بایو ڈائیورسٹی کنزرویشن کے تئیں بیداری اس کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے ۔یوجی سی ایچ آر ڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر اے آر قدوائی نے کہاکہ اس کورس کے دوران شرکاء اساتذہ کیلئے جو ادبی ، ثقافتی اور تعلیمی ٹور کے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا یقینی طور پر اس سے اساتذہ کے علم اور معلومات میں اضافہ ہوا ہوگا اور اپنے اس تجربے سے وہ طلباء کو بھی روشناس کرا کر انہیں ملک کا ایک ذمّہ دارشہری بننے کا موقع بھی فراہم کرا سکیں گے۔یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فائزہ عبّاسی نے کہا کہ اس کورس میں ملک کے ممتاز دانشوروں کو رسورس پرسن کی حیثیت سے مدعو کیا گیا اور اساتذہ نے شام کی لسانی کلاسز میں خاصی دلچسپی دکھائی۔انہوں نے بتایا کہ اورینٹیشن پروگرام میں خصوصی درخواست پر عربی زبان کی کلاسز بھی منعقد کی گئیں ۔ انٹگرل یونیورسٹی کی اسما خان اور ذیشان رضا خان نے کورس کے کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر سینٹر کے اراکین کا شکریہ اداکیا۔انٹگرل یونیورسٹی کے اکیڈمک اسٹاف کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عقیل احمد کو ان کی خصوصی خدمات کے پیشِ نظراعزازسے نوازاگیا۔اس موقع پر انٹگرل یونیورسٹی کے ڈاکٹرمحمدعثمان خان ،ڈاکٹر کلدیپ سنگھ،ڈاکٹرصباخالد،ڈاکٹرندرت فاطمہ ، ڈاکٹر ایان مصطفیٰ خان ،ڈاکٹر عمران اللہ اورڈاکٹرفائزہ محمد کے علاوہ نوائیڈا کے پی جی گورنمنٹ کالج کی ڈاکٹر ارپنا کو لائبریری کی سب سے زیادہ کتابوں کے استعمال پرانعامات سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پرشرکاء کی جانب سے سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر قدوائی کو یادگاری مجلّّہ بھی پیش کیاگیا۔چارہفتے تک چلے اس کورس میں علی گڑھ ، ڈبروگڑھ، لکھنؤ، نوئیڈا اور حیدر آباد کے تقریباً59 اساتذہ نے حصّہ لیا۔