نئی دہلی ،یکم جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آج جمعۃ الوداع کے موقع پر جنتر منتر نئی دہلی میں مسلم اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن آف انڈیا(ایم ایس او) کے زیر اہتمام اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرکے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم قدس منایا گیا ۔مظاہرہ میں شامل لوگوں نے آزادی اور حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کے خلاف زور دار نعرے بازی کی ۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل کئی صدیوں سے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑتا چلا آ رہا ہے لیکن دنیا بھر کی حقوق انسانی کی دم بھرنے والی تنظیمیں کبھی کچھ نہیں بولتی ہیں ۔بلکہ خاموش تماشائی بنی رہتی ہیں ۔مقررین نے کہا کہ فلسطین میں لوگوں کو دینی فرائض کے انجام دہی سے روکاجاتاہے مظلوم نہتے فلسطینیوں کو کھلے عام گولی ماری جا تی ہے ان کی زمینوں کو روز بروز غصب کیا جا رہا ہے ۔جس کے خلاف پوری دنیا کے لوگوں کو آواز اٹھانی چاہئے۔یوم قدس کے موقع پرمظاہرہ میں موجود لوگوں نے کہا کہ ہم کسی بھی حالت میں غاصب اسرائیل کے وجود کو برداشت نہیں کر سکتے ہیں فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور ان کو فلسطین کی زمین ملنی چاہئے ۔مظاہرہ میں عامر تحسینی،مشاہد ملک،عادل خان ،شبانہ شیخ سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔