بنگلورو 2فروری (یواین آئی ) کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج اپوزیشن بی جے پی کو ان نوجوانوں کی اموات پر جو کہ ریاست میں حالیہ مہینو ں میں مختلف وجوہات کی بناء پر مارے گئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش پر نکتہ چینی کی۔ بی جے پی یہ دعویٰ کررہی ہے کہ یہ مہلوک نوجوان اس کی پارٹی کے کارکن تھے ۔بنگلور و میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ چند نوجوانوں کی ہلاکتوں کے واقعات سے بی جے پی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے چاہے یہ معاملات قتل کے ہوں یا اس کی کوئی اور وجہ ہو۔سدارامیا نے کہا کہ حال ہی میں پیش آئے ایک واقعہ میں جس میں ایک 28سالہ نوجوان سنتوش کی چند دیگر نوجوانوں کے ساتھ لڑائی کے نتیجہ میں موت ہوگئی ، وہ بی جے پی کا ورکر نہیں تھا۔ بی جے پی یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ تمام نوجوان جن کی اموات غیر طبعی ہوئی ہیں پارٹی کے کارکن تھے تاہم وہ سنتوش کی موت سے غمگین ہیں اور انہو ں نے اس غیر انسانی حرکت کی مذمت بھی کی ہے ۔ یہ معاملہ بنگالورو پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ کو منتقل کیا جاچکا ہے اور اس واقعہ میں جو کوئی بھی ملوث ہوں ان کے خلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی۔اس سلسلہ میں 4افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ ریاست میں منشیات کی فروخت میں اضافہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے نے کہا کہ ان کی حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کو سختی کے سا تھ کچل دے گی۔