نئی دہلی، 4 ؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملک چھوڑ کر برطانیہ میں جا بسے آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی سے لندن میں ہی پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے اس کے لیے برطانوی انتظامیہ کو میوچول اسسٹنس ٹریٹی(ایم ایل اے ٹی )کے تحت تحریری درخواست کی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق، ای ڈی نے برطانیہ کو لکھا ہے کہ ان کی تحقیقاتی ٹیم کے لیے لندن میں ہی للت مودی سے پوچھ گچھ کا انتظام کیا جائے۔ای ڈی للت مودی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کر رہی ہے۔مودی کو ہندوستان لانے کی کوششوں میں لگی ای ڈی نے ایم ایل اے ٹی معاہدے کے تحت برطانیہ جاکر معاملہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔اس معاملے کے بعد پولیس بھی للت مودی کے معاملے میں آگے کی کارروائی کر سکتی ہے۔ای ڈی نے برطانیہ میں اپنی ہم منصب اتھارٹی کے لیے وزارت داخلہ کے ذریعے درخواست بھجوانے کی کوشش کی ہے۔وزارت داخلہ اس درخواست پر غور کرنے کے بعد برطانیہ بھیجے گی ۔ایم ایل اے ٹی دو یا زیادہ ممالک کے درمیان ایک معاہدہ ہے۔اس کے تحت ممالک کے درمیان فوجداری مقدمات میں اطلاعات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ہندوستان نے برطانیہ کے ساتھ 1995میں اس معاہدے پر دستخط کیا تھا۔للت مودی کے خلاف ای ڈی منی لانڈرنگ کے علاوہ فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما)کی خلاف ورزی کا معاملہ ای ڈی میں چل رہا ہے۔2014میں بی جے پی لیڈر،جن میں راجستھان کی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے کا بھی نام بھی ہے ، کے ساتھ قربت کے بعد للت مودی پھر بحث میں آئے تھے۔