ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا میں تین بچیوں کی بھوک سے موت کا معاملہ گونجا

لوک سبھا میں تین بچیوں کی بھوک سے موت کا معاملہ گونجا

Fri, 27 Jul 2018 11:53:28    S.O. News Service

نئی دہلی ،27جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی میں تین بچیوں کی بھوک کی وجہ سے موت کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے اس کے لئے دہلی حکومت کو قصوروار مانتے ہوئے اسے برخاست کرنے کامطالبہ کیا۔

بی جے پی کے رمیش ودھوڑي، مہیش گری اور پرویش ورما نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھایا اور اس کے لئے دہلی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو برخاست کرنے کی مانگ کی۔

مسٹر ودھوڑي نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے قبائلی علاقوں میں غریبوں تک کھانا پہنچایا جا رہا ہے لیکن دہلی کے نائب وزیر اعلی کے حلقے میں تین معصوم بچیوں کی بھوک کی وجہ سے موت ہو جاتی ہے۔انہوں نے اس حادثےکے لئے دہلی حکومت کو مجرم قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس نے راشن لےجانے میں 1500 کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا ہے اور اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مسٹر گری نے اسے دہلی کی عام آدمی پارٹی کی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ دہلی کے نائب وزیر اعلی ٹویٹ کر کےجھوٹ بول رہے ہیں کہ متاثرہ خاندان حال ہی میں ان کے حلقے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان کو راشن نہیں دیا گیا اور محلہ کلینک میں بچیوں کا علاج کرنے سے انکار کیا گیا۔

مسٹر ورما نے کہا کہ دہلی حکومت لوگوں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ حکومت لوگوں کے تئیں لاپرواہ ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ نائب وزیر اعلی کے حلقے میں بچیوں کی موت بھوک کی وجہ سے ہو ئی ہے۔

مشرقی دہلی کے منڈاولی میں بھوک کی وجہ سے آٹھ سال کی مانسی، چار سال کی شیکھا اور دو سال کی پارول کی موت کی خبر آج اخبارات میں شائع ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے بھی بچیوں کی موت کی وجہ بھوک بتایا ہے۔


Share: