نئی دہلی29مارچ (ایس اونیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کانگریس صدر راہل گاندھی نے سی بی ایس ای بورڈ کے امتحانات سمیت کئی اہم پیپر لیک معاملہ کے تحت نریندر مودی پر آج ایک بار پھر تک بندی کے ذریعہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز میں لیک ہے ،چوکیدار ویک (کمزور) ہے۔ بی جے پی نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے سربراہ یو پی اے حکومت کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کابینہ اجلاس کے بارے میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ راہل گاندھی اپنے دنوں کو یاد کر رہے ہیں۔راہل نے ٹویٹر پر ہیش ٹیگ ’ صرف ایک اور سال ‘ کے ذ ریعہ حکومت پر حملہ کیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ مودی حکومت کے دور کا اب ایک سال باقی ہے ۔ راہل نے ہندی اور انگریزی الفاظ کے ساتھ کئے گئے ٹویٹ میں کہا کہ کتنے لیک ہوئے؟ ڈیٹا لیک، آدھار لیک، میٹرک امتحان لیک، الیکشن ڈیٹ لیک، سی بی ایس ای پرچہ سوالات لیک گویا ہر چیز میں لیک ہی لیک ہے گویا کہ چوکیداربھی ویک(کمزور) ہے ۔ واضح ہو کہ سی بی ایس ای نے لیک ہونے کی خبر موصول ہونے کے بعد 10ویں کلاس کے ریاضی اور 12 ویں کلاس کے معاشیات کا امتحان دوبارہ کرانے کا کل اعلان کیا ہے ۔ مرکزی انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ پیر سے ایک نیا حکم لاگو کیا جائے گا تاکہ اس بات کا یقین ہو کہ کسی طرح کا کوئی لیک نہ ہو اور ساتھ ہی حکومت اس معاملے کی گہری انکوائری کرا رہی ہے ۔