لکھنو،3؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )راجیہ سبھا رکن امر سنگھ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں خود کو ’دلال ‘بتایا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی اقتدار کی چوٹی پرپہنچنے کی خواہش نہیں ظاہر کی ہے۔حالانکہ وہ اقتدار دلانے کے کردار کو لے کر ہمیشہ تیار رہے اور یہ ان کی مہارت ہے۔اے بی پی نیوز کو دیئے ٹی وی انٹرویومیں ایس پی میں اپنی واپسی پر ملائم کے خاندا ن میں اختلاف اور اعظم خان کی ناراضگی پر انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام مشکلات سے اپنی مہارت کے ذریعے نمٹ لیں گے۔وہیں، سیاست میں ثالثی کا کردار نبھائے جانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ آپ سیدھے طورپر مجھے بچولیا یا پھر دلال بھی کہہ سکتے ہیں، لیکن میں نے کبھی اقتدار کی چوٹی پرپہنچنے کی خواہش نہیں ظاہر کی۔میں تعلقات اور اقتدار کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہوں۔امر سنگھ نے مزید کہاکہ آر ایس ایس سے تعلق کی وجہ سے ہی مودی جی کو اقتدار ملاہے ،اس لیے میں تعلقات کو سب سے اوپر مانتا ہوں۔اس کے ذریعے اقتدار تک پہنچا جا سکتا ہے۔تبدیلی کے لیے اقتدار ضروری ہے، اس لیے میں تعلقات کے بعد اسی کو اہمیت دیتا ہوں۔امبانی برادران میں پھوٹ پر انل امبانی کی حمایت کرنے کے بارے میں سنگھ نے کہاکہ میں تعلقات کو ترجیح دیتا ہوں۔میرے تعلقات دھیرو بھائی سے تھے۔اس سے میں نے یہ سبق لیا ہے کہ کبھی بھی خاندان کے معاملات میں نہیں پڑنا چاہیے ۔خاندان آخر ایک ہو جاتا ہے اور باہر کا شخص باہر ہی ہوتا ہے۔میں نے اپنی اس غلطی کے لیے عوامی طورپر معافی بھی مانگی ہے۔میں نے یہ سبق لیا ہے کہ چاہے ملائم سنگھ جی کے خاندان کا جھگڑا ہو یا امبانی کا، میں خاندان کے بیچ میں نہیں آؤں گا۔وہیں، اداکار امیتابھ بچن سے تعلقات میں آئے فاصلے پر امر سنگھ نے کہاکہ وہ میرے دوست ہیں اور انہوں نے خود اس کاعوامی طورپر اعلان کیا ہے کہ میں ان کی فیملی کا ممبر ہوں۔مایاوتی کے سوال پرانہوں نے کہاکہ میں ان کے بارے میں کیا کہوں؟ میرے بیٹے اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ وہ ان کی پھوپھی ہیں۔اب بیٹے کی پھوپھی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔