بھوپال ، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مدھیہ پردیش میں تیسری بار اقتدار سنبھالنے کے ڈھائی سال بعد وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج شام کو کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے اس میں 4کابینی وزیر اور 5وزراء مملکت سمیت کل 9 نئے وزراء شامل کئے جبکہ بی جے پی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر 75سال سے زائد عمر کے دو وزراء کو کابینہ سے استعفی بھی دینا پڑا۔راج بھون میں ہوئی حلف برداری کی تقریب میں ریاست کے گورنر رام نریش یادو نے کابینہ میں شامل کئے 4نئے کابینی وزراء ارچنا چٹنیس، رستم سنگھ، جے بھان سنگھ پوییا، اوم پرکاش دھروے اور 5نئے ریاستی وزراء وشواس سارنگ، سنجے ریڈر، سوریہ پرکاش مینا، للتا یادو اور ہرش سنگھ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔نومنتخب وزراء میں فی الحال محکموں کو تقسیم نہیں کیا گیا ہے۔وزراء کو دیر رات یا کل محکمے مختص کئے جا سکتے ہیں،اس کے ساتھ ہی کچھ پرانے وزراء کے محکموں میں ردوبدل بھی کیا جا سکتا ہے۔دارالحکومت میں آج کابینہ کی توسیع سے پہلے سیاسی ڈرامہ چلتا رہا اور بی جے پی کی طرف سے مرکزی قیادت کی ہدایت پر 75سال سے زیادہ عمر والے دو کابینی وزراء وزیر داخلہ بابو لال گور(85 )اور عوامی امورکے وزیر سرتاج سنگھ(76)کو وزیر کے عہدے سے استعفی دینے کو کہا گیا۔شروع میں تو دونوں وزراء نے استعفی دینے کیلئے راضی نہ ہوئے اور کہا کہ ان کی عمر کے بجائے ان کے کام کاج کو قابلیت کی بنیاد سمجھا جانا چاہیے لیکن بی جے پی قیادت کے اصرار پر بعد میں دونوں استعفی دینے کے لیے تیار ہو گئے۔گور اور سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے استعفی دے دیا ہے۔گور نے کہا کہ مجھے پارٹی کی مرکزی قیادت کی طرف سے استعفی دینے کے لیے کہا گیا ہے۔