بنگلورو،6؍دسمبر(ایس او نیوز)حکومت کرناٹک کی طرف سے مراٹھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر احتجاج کرنے کیلئے کنڑا نواز تنظیموں کی طرف سے کرناٹک بند منانے کے اعلان پر عوام کا ردعمل نہ ہونے کے برابر رہا۔ بنگلورو میں اس بند کا کوئی اثر نہیں پڑا آٹو رکشا، کیابس، بی ایم ٹی سی بسیں اور دیگر گاڑیاں سڑکوں پر حسب معمول نظر آئیں۔ بند کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔معمولات پر بھی اس بند کا کوئی اثر نہیں پڑا۔
ریاست کے دیگر مقامات چامراج نگر، بنگلورو رورل، گدگ، کوپل،باگلکوٹ، داونگیرے، ہاسن، رام نگر، چترا درگہ، کولار،میسور، منڈیا اور دیگر اضلاع میں کنڑا تنظیموں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ان تنظیموں کے کارکنوں نے گرفتاریاں دیں۔اس احتجاج کی وجہ سے بی ایم ٹی سی یا کے ایس آرٹی سی بسوں کی خدمات پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ احتیاطی طور پر بنگلور و سمیت مختلف مقامات پر پولیس کا بندوبست کیا گیا تھا۔ بنگلورو میں چند کنڑا تنظیموں کے کارکنوں نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا منصوبہ بنایا تھا لیکن بی جے پی کی ریاستی مجلس عاملہ میٹنگ کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ کے دورہ بیلگاوی پر ہونے کے سبب اس منصوبہ کو ٹال دیا گیا۔ البتہ میسور بینک سرکل پر کنڑا تنظیموں کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران ان تنظیموں کے قائدین واٹال ناگراج، سارا گوند اور دیگر کو پولیس نے احتیاطی طور پر گرفتار کیا اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔وہ اضلاع جہاں اس بند کے زیادہ موثر رہنے کی امید کی جا رہی تھی ان اضلاع میں بھی بند ناکام رہا۔
اس کے علاوہ ریاست کی اپوزیشن جماعتوں کانگریس یا جے ڈی ایس کی طرف سے اس بند کے بارے میں کسی طرح کا موقف ظاہر نہیں ہو ا۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ بھی اس بند کی ناکامی کی ایک اہم وجہ ہے۔ بنگلورو کے ٹاؤن ہال کے قریب کنڑا کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، رام نگر ضلع میں کرناٹکا رکشنا ویدیکے کے کارندوں نے احتجاج کیا اور انہیں پولیس نے گرفتار کیا۔ ریاست کی بعض شاہراہوں کے پاس ٹائر جلا کر ٹرافک میں خلل ڈالنے کے واقعات پیش آئے۔ چند مقامات پر بند کا ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آیا۔ بنگلورو میں حکومت کے خلاف کنڑا تنظیموں نے دوپہر ساڑھے تین بجے کے آس پاس اپنا احتجاج ختم کردیا۔کرناٹکا رکشنا ویدیکے پروین شیٹی گروپ کے سربراہ پروین شیٹی نے کہا کہ بند کے دوران وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کی رہائش گاہ کو گھیرنے کا اعلان کیا گیا تھا چونکہ وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا بنگلورو میں نہیں ہیں اس لئے ویدیکے کی جانب سے پیرکے روز وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کنڑا تنظیموں کی طرف سے بند کے دوران کیا گیا احتجاج محض علامتی تھا۔ آنے والے دنوں میں اس معاملہ میں حکومت نے اگر کنڑا تنظیموں کے مطالبہ پر سنجیدگی سے فیصلہ نہ لیا تو اس تحریک میں مزید شدت لائی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا بیان: بیلگاوی میں ریاستی وزیر داخلہ بسوراج بومئی نے بند کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مراٹھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے خلاف کنڑ ا تنظیموں کی طرف سے کرناٹک بند کے اعلان پر عوامی رد عمل نہ ہونے کے برابر رہا اس لئے یہ بند پوری طرح ناکام ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ حسب توقع عوام نے اس بند کی تائید نہیں کی۔ بند کے دوران حفاظت کیلئے معقول پولیس بندوبست کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بند کے ناکام ہونے پر وہ عوام، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو مبارکباد دینا چاہیں گے۔