بھٹکل 4/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ مرڈیشور سمندر میں ماہی گیری کے دوران بوٹ اُلٹ جانے سے سات ماہی گیر بیچ سمندر میں ہی پھنس گئے تھے، مگر فوری طور پر دوسری کشتی کی مدد سے ساتوں ماہی گیروں کو بچالیا گیا۔ واردات منگل شام قریب 6:30 بجے پیش آئی تھی، مگر اس تعلق سے آج بدھ کو مرڈیشور پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جناردھن ہری کنترا اپنے چھ ساتھیوں کے ساتھ منگل دوپہر بعد ماہی گیری کے لئے اپنی کشتی پر نکلا تھا، مچھلیوں کا شکار کرکے یہ لوگ شام قریب 6:30 بجے واپس کنارے لوٹ رہے تھے کہ اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آگئے اور پوری کشتی ہی اُلٹ گئی، بعد میں کنارے پر موجود دوسری کشتی ان کی مدد کو پہنچ گئی اور ساتوں ماہی گیروں کو اپنی کشتی پر سوار کراتے ہوئے کنارے لے گئے۔ کشتی اُلٹ جانے سے قریب ڈیڑھ لاکھ مالیت کا نقصان ہوا ہے۔