ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مشہور شاعر مظہر محی الدین کی رحلت پر بھٹکل میں ادارہ ادب اسلامی کا تعزیتی اجلاس

مشہور شاعر مظہر محی الدین کی رحلت پر بھٹکل میں ادارہ ادب اسلامی کا تعزیتی اجلاس

Tue, 16 Mar 2021 10:04:22    S.O. News Service

بھٹکل،16/ مارچ (پریس ریلیز/ایس او نیوز) ادارہ ادب اسلامی بھٹکل کی طرف سے مشہور شاعر جناب مظہر محی الدین کی رحلت پر ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی۔  جس میں مرحوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کی گئی۔

صفوان ارمار کی تلاوت سے نشست کا آغاز ہوا ۔مولانا سید زبیر سیکریٹری مقامی یونٹ نے افتتاحی کلمات پیش کیے جس میں انہوں نے مظہر محی الدین مرحوم کے عمدہ اخلاق اور بہترین صفات پر روشنی ڈالی آپ نے مظہر صاحب کی سادگی اور احباب کے ساتھ ملنساری اوراپنائیت کے پہلو اجاگر کیے۔ معروف سماجی کارکن اور صحافی ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے مظہر محی الدین صاحب سے اپنے دیرینہ تعلقات اور ان کی شخصیت کے اہم پہلووں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے ریاست میں ادارہ ادب اسلامی کے فروغ اور استحکام کے لئے بڑی جانفشانی کی ہے۔ ادب اسلامی کے علاوہ  وہ جماعت اسلامی کے بڑے ہی مخلص رکن تھے۔ ان کی رحلت ادارہ ادب اسلامی کا بڑا خسارہ ہے۔ادارہ ادب اسلامی کے قومی صدر  ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی نے کہا کہ ادارہ کوملک گیر اور ریاستی سطح پر فروغ دینے والے ادیبوں اور شعراء کی صف اول میں سے اکثر احباب اللہ کو پیارے ہوگئے۔ مظہر محی الدین صاحب مرحوم  بھی انہی افراد میں سے تھے جو ادارہ کو مستحکم کرنے کے لئے ہمیشہ سرگرم اور فکر مند رہتے تھے۔ انجمن کالج کے لکچرر  عبدالرووف ساونور اور  ابرار خطیبی نے بھی مرحوم کے تعلق سے مختصراً اپنے تاثرات بیان کیے۔مقامی یونٹ کے صدرقادر میراں پٹیل نے  صدارتی کلمات میں مظہر محی الدین صاحب کی جماعت اور ادارہ سے وابستگی اور ان کی سادگی اور ادارہ کے لئے ان کی مخلصانہ کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ادارہ کے جوائنٹ سیکریٹری ا قمرالدین مشائخ نےنظامت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی نے درج ذیل تعزیتی تجویز پیش کی۔

" ادارہ ادب اسلامی ہند شاخ بھٹکل کا یہ اجلاس منعقدہ 14مارچ 2021 تحریک اسلامی کے بزرگ رفیق، معروف ادیب، معتبر شاعر اور دانشور جناب مظہرمحی الدین کی 87برس کی عمر میں اپنے وطن ہبلی میں رحلت پر شدد رنج و غم کا ظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کو تحریک ادب اسلامی کے لئے عظیم خسارہ سے تعبیر کرتا ہے۔ 

اس اجلاس کا یہ احساس ہے کہ مظہر محی الدین صاحب نے جہاں ایک رکن جماعت کی حیثیت سے تحریک اقامت دین کی بھرپور خدمات انجام دیں ، وہیں ادبی محاذ پر ایک مخصوص لب و لہجہ کے قادرالکلام اسلامی شاعر کی حیثیت سے ایک منفرد شناخت قائم کی۔

مظہر محی الدین مرحوم نے ادارہ ادب اسلامی ہند حلقہ کرناٹک کی دو میقات میں صدارت کی ذمہ داریاں بھی بحسن وخوبی انجام دی تھیں۔ حلقہ کرناٹک کے مختلف شہروں میں ادارہ کی شاخوں کے قیام اور اس کے کام کو آگے بڑھانے میں آپ کی مساعی جمیلہ فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ آپ کے چار مجموعے جاگتی دہلیز، اعتبار، لفظ لفظ روشنی اور بشارت شائع ہوچکے ہیں، جنہوں نے دنیائے شعر و سخن میں آپ کو ایک محفوظ مقام عطا کیا ہے۔ آج کا یہ تعزیتی اجلاس رب العالمین کی بارگاہ میں جناب مظہر محی الدین کی مغفرت اور بلندی درجات اورپس ماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہے۔"


Share: