نئی دہلی،3؍ ستمبر(یو این آئی) پورے ملک کی ووٹر لسٹ کو نقائص سے پاک کرنے کے لئے ووٹرجانچ مہم اتوار سے شروع کر دی گئی جو 15/اکتوبر تک چلے گی۔ الیکشن کمیشن کے ذریعے اس مہم کے تحت پورے ملک کے10/ لاکھ ووٹنگ مراکز پر یہ کام جاری رہے گا اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں صوبائی اور ضلعی سطح پر یہ پروگرام چلایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمیشن سنیل اروڑہ نے دار الحکومت نئی دہلی میں واقع الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر میں نیشنل ووٹر سروس پورٹل اور ووٹر ہیلپ لائن ایپ کا افتتاح کرکے اس مہم کا آغاز کیا۔ اروڑہ نے کہاکہ ووٹرلسٹ وہ بنیاد ہے جس پر کمیشن کا ڈھانچہ کھڑا ہے۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مستقبل میں ہونے والے الیکشن کے پیش نظر ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی تفتیش کروالیں تاکہ بہتر رائے دہندگی کی خدمات انہیں حاصل ہو سکے۔ الیکشن کمشنر اشوک لواسا نے بھی کہا کہ یہ رائے دہندوں کے لئے اہم موقع ہے تاکہ وہ اس مہم میں شامل ہوکر اپنے نام و پتہ وغیرہ کی جانچ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کی حصہ داری سے ہی ووٹر لسٹ کو کمیوں سے پاک کیا جا سکتاہے۔اس پروگرام کے تحت 32 چیف الیکٹورل افسر،700ضلع الیکٹورل افسر اور بلاک کی سطح کے افسر اسے کامیاب بنائیں گے۔کوئی بھی ووٹر اس پورٹل یاہیلپ لائن ایپ کے ذریعے اپنے نام و پتے کی توثیق کی جانچ کر سکتا ہے اور آدھار کارڈ، راشن کارڈ، پاسپورٹ، بینک پاس بک، پین کارڈ، سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر کے شناختی کارڈ،اسمارٹ کارڈ،بجلی،پانی، ٹیلی فون، گیس کے کم از کم بل سے اپنی شناخت کی جانچ کر سکتا ہے۔وہ اپنا پتہ بدلنے اور اہل خانہ کے اراکین کے بارے میں اطلاع دینے کا بھی کام کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جن افراد کے نام ووٹرلسٹ میں نہیں ہیں ان کا نام بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔اس جانچ پروگرام سے ووٹر کو اپنے ووٹر پرچی، ووٹنگ کی تاریخ اور ایپِف اسٹیٹس کی اطلاع اسے رجسٹرڈ ای میل اور موبائل نمبر پر بھی مل سکتی ہے۔