ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی سے تعلق رکھنے والا اسٹینڈ اَپ کامیڈین اندور میں گرفتار

ممبئی سے تعلق رکھنے والا اسٹینڈ اَپ کامیڈین اندور میں گرفتار

Sun, 03 Jan 2021 11:57:01    S.O. News Service

اندور،3؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) اندور میں ایک شو  میں  وزیر داخلہ امیت شاہ اور ہندو دیوی دیوتاؤں  کے تعلق سے نازیبا تبصرہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے  ہند رکشک نامی تنظیم نے جمعہ کو ممبئی سے تعلق رکھنے والے کامیڈین منور  فاروقی کی پہلے پٹائی کی پھر انہیں  پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے فاروقی  سمیت 5؍ افراد کو اس معاملے میں گرفتار کرلیا ہے۔  

 پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شوکا انعقاد شہر کے 56؍ دکان علاقے میں واقع  ’منرو کیفے‘میں کیا گیا تھا۔   بی جےپی کی ایم ایل اے مالنی لکشمن سنگھ گوڑکے 36؍ سالہ بیٹے ایکلویہ سنگھ گوڑ کی شکایت پر  منور فاروقی کو حراست میں لیاگیا ہے۔ فاروقی جن کاآبائی وطن گجرات ہے، اپنے شو کے دوران  اکثر اپنا تعلق ڈونگری  سے بتاتے ہیں۔ ایکلویہ گوڑ ایک سامع کی حیثیت سے منور فاروقی کے شو میں گئے تھےجہاں انہوں نے شو پر اعتراض کیا اور ہنگامہ مچا کر پروگرام کو روکنے پر مجبور کردیا۔   پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی رات ہی شکایت کی بنیاد پر منور فاروقی اور 4؍ دیگر مقامی افراد کو حراست میں لے لیاگیاتھا جنہیں بعد میں گرفتار کرلیاگیا۔ گوڑ   کے تعلق سے الزام ہے کہ انہوں نے اپنے حامیوں  کے ساتھ منور فاروقی کی پٹائی کی اور پھر پولیس  اسٹیشن میں لے جاکر یہ شکایت کی کہ انہوں  نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق  اڑایا ہے۔اپنے الزام کی تائید میں انہوں  نے ایک ویڈیو بھی پولیس کو دیا ہے۔  

 ایکلویہ گوڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ منور فاروقی پہلے بھی اپنے پروگراموں میں دیوی دیوتاؤں کا مذاق بناتے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب منرو کیفے میں پروگرام منعقد ہونے کی خبر ملی تو ٹکٹ لے کر وہ اپنے  کچھ ساتھیوں کے ساتھ وہاں پہنچ گئے تھے  اور جب انھوں نے دیکھا کہ گودھرا واقعہ میں مارے گئے کارسیوکوں پر منور فاروقی تبصرہ کر رہے ہیں تو ان کی پٹائی کی گئی۔ منور فاروقی کو ہند رکشک تنظیم کے کارکنان پکڑ کر تھانے لے گئے۔ 

 


Share: