ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس زیادہ وصولنے والے ٹھیکیدار پرلگا2.58لاکھ روپے جرمانہ ؛ 132کروڑروپے کا نیا توسیعی منصوبہ

منگلورو ایئر پورٹ پر پارکنگ فیس زیادہ وصولنے والے ٹھیکیدار پرلگا2.58لاکھ روپے جرمانہ ؛ 132کروڑروپے کا نیا توسیعی منصوبہ

Wed, 04 Apr 2018 21:17:17    S.O. News Service

منگلورو4؍اپریل (ایس او نیوز) حال ہی میں منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو ہندوستان کا سب سے صاف ستھرا ایئرپورٹ  ہونے کا ایوارڈ ملا ہے ۔ لیکن دو تین دن قبل سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی جس میں گاڑیوں کے پارکنگ یارڈ میں موجود ٹھیکیدار کے عملے کو ایک کار والے سے مقررہ فیس سے زیادہ رقم وصول کرنے اور سینہ ٹھونک کر اپنے خلاف شکایت درج کروانے کی بات کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس پس منظر میں ایئر پورٹ اتھاریٹیزکے ڈائریکٹر وی وی راؤ نے پریس کانفرنس طلب کی اور واضح کیا کہ یہ ویڈیو کلپ دومہینے قبل پیش آئے ہوئے واقعے کی ہے جس کے بعد ایئرپورٹ اتھاریٹیزنے کڑی کارروائی کرتے ہوئے ممبئی کے رہنے والے پارکنگ ٹھیکیدار پر اس طرح کی غیر قانونی فیس وصولی کے لئے 2.58لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، اور پارکنگ عملے کے متعلقہ شخص کو وہاں سے ہٹا دیا گیا ہے۔کیونکہ اس تعلق سے باربار شکایتیں موصول ہورہی تھیں۔ایئر پورٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ایس ایس اینٹر پرائزز  نامی ٹھیکیدار کمپنی کو اس ضمن میں نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ٹھیکیدار کوسزا کے طور پر 3اپریل کا پورا دن گاڑیوں کے لئے بغیر کسی فیس کے مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مسٹر راؤ کے مطابق پارکنگ ٹھیکیدار کو اب تک تین بار نوٹس دئے جاچکے ہیں۔ اب اس ٹھیکے کو منسوخ کرتے ہوئے نئے پارکنگ فیس قوانین کے ساتھ تازہ ٹینڈر طلب کیے جانے کی تیاری ہورہی ہے۔

ایپ والی ٹیکسی کی سہولت: ایئر پورٹ ڈائریکٹر وی وی راؤ کے مطابق پہلے مرحلے میں چینئی، گوا سمیت ملک کے پانچ انٹر نیشنل ایئر پورٹس پر ایپ والی کیابس(ٹیکسی) کی سہولت فراہم کرنے کا تجربہ بہت ہی کامیا ب رہا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں منگلورو انٹرنیشنل ہوئی اڈے پر ایپ پر منحصر ٹیکسیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس ضمن میں ٹینڈر طلب کرنے کی کارروائی شروع ہوئی ہے۔آئندہ ایک مہینے کے اندر یہ کام پورا ہوجائے گا۔اس سے یہاں پر مسافروں کومحفوظ اور بہترین خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹرمینل عمارت میں توسیع: ایئر پورٹ ڈائریکٹرنے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ ٹرمینل عمارت کی توسیع کا منصوبہ منظور ہوا ہے جس کی لاگت 132کروڑ روپے ہوگا۔ اس کے لئے بھی ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔اس توسیعی منصوبے میں بیرون ملک سے آنے والوں کے لئے ایک نیا arrival hallتعمیر کرنا بھی شامل ہے۔اس  منصوبے کی تکمیل میں دو سال کا وقت لگے گا۔مسٹر راؤ نے جو تفصیلات بیان کیں اس کے مطابق توسیع شدہ عمارت کا پہلا منزلہ ملک سے باہر جانے والوں departureکے لئے اور دوسرامنزلہ بیرون ملک سے آنے والوں کے لئے مختص ہوگا۔موجودہ arrival hallمیں 250افرد بیک وقت جمع ہونے کی گنجائش ہے جبکہ توسیع کے بعد جو ہال تعمیر ہوگا اس میں 600مسافروں کے لئے گنجائش رہے گی۔

جاسمین کی خوشبو سے استقبال: اس کے علاوہ ایئر پورٹ پرجلد ہی مسافروں کو45منٹ تک کی مفت وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی ۔ ایئر پورٹ کے اہم مقامات پر’منگلورو ملّی گے‘‘ یعنی منگلورو جاسمین پھولوں کی خوشبو سے مسافروں کا استقبال کرنے کا بھی انتظام کیا جارہا ہے ، جس کے لئے پھولوں کی خوشبو اسپرے کرنے والی خودکار مشینیں لگائی جائیں گی تاکہ ایئر پورٹ میں داخل ہوتے ہی مسافروں کو مشہور عالم جاسمین پھولوں کی خوشبو سے فرحت محسوس ہو۔انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ ایئر پورٹ کے اندرونی اور بیرونی در و دیوار پر علاقائی ثقافت اور منگلورو سے متعلق اہم جھلکیوں کو نقش و نگار کے ذریعے پیش کیاجائے گا جس کے لئے ایک کروڑ روپے کی لاگت کا الگ منصوبہ بنایا گیا ہے۔


Share: