منگلورو:17/اپریل(ایس اؤنیوز) میں نے احمد قریشی پر پولس کی طرف سے کئے گئے ظلم کے متعلق حکومت اور متاثرین کی طرف سے جانکاری حاصل کی ہے، معاملے کی گہرائی میں جاکر دیکھیں تو واضح ہوتاہے کہ یہاں کچھ پولس افسران کی طرف سے غلطی ہوئی ہے، اس معاملے کو لے کر ودھان سبھا اجلاس میں بھی بات اُٹھائوں گا۔ ان خیالات کااظہار سابق وزیرا علیٰ اور جے ڈی ایس کے ریاستی صدر کمار سوامی نے کیا۔
منگلورو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نےکہاکہ 21مارچ کو قریشی کو گرفتار کرنے کے بعد اُسے 27مارچ کو عدالت میں حاضر کیا گیا ہے ۔ چوبیس گھنٹے کے اندر اُسے عدالت میں پیش نہ کرنا، یہی شکوک و شبہات کو جنم دیتاہےاور چھوٹے افسران پر اعلیٰ افسران کی پکڑ نہیں ہونے کی طرف اشارہ کرتاہے۔ گرفتار ی کے موقع پر انہیں بتایا گیا تھا کہ قریشی گردوں کی بیماری میں مبتلا ہے اس کے باوجود اس پر ظلم ڈھایا گیا ہے، قانون کے نام پر منصوبہ بند ظلم کیا گیا ہے کماراسوامی نے سوال کیا کہ آخر اس کی ذمہ داری اب کون لے گا ؟
پریس کانفرنس میں کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت خشک سالی سےنمٹنےمیں بری طرح ناکام ہے، لیڈران کو دہلی میں ہائی کمان سے ملاقات کی جلدی ہے، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسائل کے حل کی انہیں کوئی فکر نہیں ہے۔ پریس کانفرنس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری بی ایم فاروق، سابق وزیر امرناتھ شٹی ، ضلع جے ڈی ایس صدر محمد کوئیں وٹلا، عزیز پرتپاڑی وغیرہ موجود تھے۔