ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں سونے کا ہار چرانے کے الزام میں گھر کی نوکرانی گرفتار

منگلورو میں سونے کا ہار چرانے کے الزام میں گھر کی نوکرانی گرفتار

Sun, 27 Jan 2019 20:54:40    S.O. News Service

منگلورو:27؍جنوری (ایس او نیوز) 4 جنوری کو منگلورو شہر کے اُروا پولس تھانہ  حدود میں پیش آئے سونے کا  ہار  چرانے کے  معاملے میں پولس   گھر کی نوکرانی کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

مصدقہ خبر پر کارروائی کرتے ہوئے اُروا پولس، سرکاری  بس اسٹانڈ میں موجود ملزمہ کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ چوری کردہ 8.200گرام وزنی سونے کا ہار جس کی مالیت  قریب 30 ہزار روپئے لگائی گئی ہے،  ضبط کرلیا ہے۔ ملزمہ  کی شناخت سوندریا ہُلپا مادر (18) کی حیثیت سے کی   گئی ہے۔

پولس ذرائع کے مطابق 4جنوری 2019کو گھر کی مالکن اپنے شوہر اور  گھر کی نوکرانی سوندریا کو  ساتھ لے کر  کاروار میں رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے لئے نکلی تھی۔ اس کے بعد گوا وغیرہ کی سیر کرنے کے بعد 8جنوری کی رات 8بجے سبھی لوگ  منگلورو اپنے گھر واپس پہنچے، اس موقع پر کار کے ڈیش بورڈ میں رکھے ہوئے سونے کے ہار کو  لینے کے لئے جیسے ہی ڈیش بورڈ کھولا گیا، وہاں رکھا ہوا سونے کا ہار غائب تھا۔  اس تعلق سے گھر کی مالکن دیپتی نے پولس تھانے میں شکایت درج کی۔ پولس نے چھان بین کے بعد گھر کی نوکرانی کو ہی ہار چرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا اور متعلقہ ہار بھی برآمد کرلیا۔

ملزمہ سوندریا کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کے والدین  باگلکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں، روزگار کی تلاش میں وہ منگلورو کے کوٹوار اشوک نگر میں مقیم تھی۔ پولس ذرائع کے مطابق  ملزمہ کے خلاف بنگلورو کے ایک پولس تھانے میں بھی چوری معاملہ کا کیس درج ہے، اور وہاں سے  وہ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مینگلور میں ملازمت کررہی تھی۔


Share: