ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں فلمی انداز میں 5لاکھ روپیوں کی ڈکیتی کے الزام میں بھٹکل کے تین لوگوں کو گرفتارکرنے کی خبر؛ ڈکیتی کو لے کر کئی شکوک شبہات

منگلورو میں فلمی انداز میں 5لاکھ روپیوں کی ڈکیتی کے الزام میں بھٹکل کے تین لوگوں کو گرفتارکرنے کی خبر؛ ڈکیتی کو لے کر کئی شکوک شبہات

Wed, 06 Feb 2019 18:07:04    S.O. News Service

منگلورو:6؍فروری (ایس او نیوز) مینگلور میں مچھلیوں کے ایک بزنس مین کو پانچ لاکھ روپیوں کی ادائیگی کرنے کے دوران تین لوگوں پر مشتمل ایک گروہ کے ذریعے فلمی انداز میں رقم لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولس نے ویسے تو تین لوگوں کو اپنی حراست میں لیا ہے اور اُن سے پوچھ تاچھ جاری ہے، مگر واقعے کو لے کر پولس خودکنفیوز ہے ۔ پولس کا کہنا ہے کہ جن تین لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے، اُن کا تعلق بھٹکل سے ہے۔

کنکناڑی پولس تھانہ میں درج شکایت کے مطابق  ممبئی سے چار لوگ پانچ لاکھ روپئے کی رقم لے کر بذریعہ ٹرین کنکناڈی ریلوے جنکشن پہنچے تھے، اسٹیشن سے باہر آتے ہی انہوں نے  مینگلور کے مچھلی کاروباری شخص سے فون پر رابطہ کیا، جس نے اُنہیں رقم لے کر پمپ ویل سرکل کی طرف آنے کے لئے کہا، چاروں لوگ رکشہ پر سوار پمپ ویل سرکل کی طرف جارہے تھے کہ امر الوا روڈ کے قریب اچانک ایک ٹویرا کار رکشہ کے سامنے آکر رُک گئی اور پل بھر میں چار لوگ ٹویرا سے اُتر کر رکشہ کی طرف بڑھتے ہوئے پانچ لاکھ روپئے کی رقم کی بیگ لے کر فرار ہوگئے۔

پولس کے مطابق اُنہیں ایک فرد نے  ڈکیتی کا معاملہ پیش آنے کی  اطلاع  فون پر دی تھی،  مگر پولس نے اُسے  کنکناڈی پولس تھانہ پہنچ کر شکایت درج کرنے کے لئے کہا۔ کافی  دیر کے بعد ایک فرد تھانہ پہنچا اور   ڈکیتی کے متعلق شکایت درج کی۔ پولس کے مطابق جب اس سےپوچھ تاچھ کی گئی تو کئی باتیں  غیر واضح تھی۔ مگر  ملزموں کے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے بعد پولس نے  ملزموں کے  موبائل نمبرات کے ذریعے موبائل  ٹاورسے  اس بات کا پتہ لگایا کہ متعلقہ   کار ہیجماڑی ٹول گیٹ کو کراس کرکے اُڈپی کی طرف آگے بڑھ رہی ہے ، فوری طورپر اُڈپی ٹرافک پولس کو متعلقہ ٹویرا کار کی تفصیلات سے آگاہ کراتے ہوئے کار کو روکنے کے لئے کہا گیا ، جس کے بعد اُڈپی ٹریفک پولس نے متعلقہ کار کو  کاپو کے قریب  روک دیا اور کار پر موجود تین  ملزموں کو تحویل میں لے لیا۔

پولس کو ڈکیتی کے متعلق شبہ ہے کہ آیا ڈکیتی ہوئی بھی ہے یا نہیں، پولس کو مچھلی بیوپاری کے متعلق بھی شبہ ہے۔ پولس زیر حراست ملزموں سمیت شکایت درج کرنے والوں سے بھی پوچھ تاچھ کررہی ہے اور حقائق کا پتہ لگایا جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈکیتی کو لے کر فی الحال کئی باتیں غیر واضح  ہیں اور پولس خود کنفیوز ہے۔  کہا جارہا ہے کہ جن تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ مہاراشٹرا سے آئے تھے، مگر اُن کا تعلق بھٹکل سے بتایا جارہا ہے۔ مکمل جانچ کے بعد ہی سچائی سامنے آنے کی بات کہی جارہی ہے۔


Share: