اُلال :30/اکتوبر(ایس او نیوز) شرپسندوں نے گھر کے اندر پٹرول ڈال کر آگ لگانے کی واردات بستی پڈپ میں کل رات پیش آئی ہے ، واردات میں ایک فرد شدید زخمی ہوکر اسپتال میں زیر علاج ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اُلال تھانہ حدود کے بستی پڈپ کے مکین تاراناتھ یادو(58) کے گھر میں یہ کرتوت انجام دی گئی ہے۔ بتایا جارہاہے کہ تاراناتھ کے گھر کی کھڑکی سے شرپسندوں نے پٹرول ڈال کر آگ لگائی ہے، آگ پھیلتے ہوئے بیڈروم تک گئی ہے، اس موقع پر بیڈروم تاراناتھ کے علاوہ ان کی بیوی ودیا اور 10سالہ بیٹا متھون بھی موجود تھا۔ تاراناتھ کو جیسے ہی آگ کا احساس ہو ا اپنی بیوی اور بچے کو بحفاظت باہر نکال کر آگ بجھانے لگے، تو ان کے دونوں ہاتھوں پر زخم آئے ہیں، جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شبہ جتایا جارہاہے کہ تاراناتھ علاقہ میں گانجہ فروخت کاری سے پھیل رہی خرابیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے نتیجے میں شرپسندوں نے انہیں دھمکانے کے لئے یہ کرتوت انجام دی ہوگی۔ واردات کے متعلق اُلال پولس تھانے میں کیس درج ہواہے۔