ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورومیں بی جے پی کی میٹنگ قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں

منگلورومیں بی جے پی کی میٹنگ قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں

Fri, 06 Nov 2020 10:39:44    S.O. News Service

منگلورو،6؍نومبر (ایس او نیوز) کرناٹک میں بر سر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاستی مجلس عاملہ کے ساتھ ساتھ کور کمیٹی جمعرات کو منگلور ومیں شروع ہوئی۔ جس میں ریاست میں قیادت کی تبدیلی کی قیاس آرائی کی جا رہی ہے۔

در اصل سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رکن اسمبلی بسوراج پاٹل یتنال کی جانب سے ریاست کی قیادت (وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کی جگہ) تبدیلی کے مبینہ امکانات کے پس منظر میں ہونے کے سبب یہ میٹنگ کافی اہم ہو گئی ہے۔

یتنال نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ ایڈی یورپا کے اب گنتی کے دن رہ گئے ہیں اور پارٹی اعلیٰ کمان اُن (ایڈی یورپا) کی کارکردگی سے ناخوش ہے۔ یتنال کا کہنا ہے کہ پارٹی اعلیٰ کمان عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے آلات کی خریداری میں ہوئے مبینہ گھپلوں کے اپوزیشن پارٹیوں کے الزامات کے سلسلے میں ایڈی یورپا سے ناراض ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما سدارامیا نے بھی حال ہی میں مسٹر یتنال کے دعوے کی ایک طرح سے تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں ان کے ذرائع کے مطابق بھی ریاست میں ہوئے ضمنی الیکشن کے 10 نومبر کو نتائج آنے کے بعد مسٹر ایڈی یورپا کو بدلا جا سکتا ہے۔ اس دوران مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے آج کہا کہ وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کو عہدے سے ہٹانے کا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنماؤں کے سامنے کوئی تجویز نہیں ہے اور اپوزیشن لیڈر سدارامیا مبینہ طور پر گمراہ کن اور من گھڑت باتیں کر رہے ہیں۔ میٹنگ میں اس کے علاوہ تین نومبر کو ہوئے ضمنی الیکشن کے ممکنہ نتائج کے سلسلے میں بھی گفتگو ہو سکتی ہے۔

ریاست میں دو اسمبلی سیٹوں بنگلور شہری ضلع کے راجا راجیشوری نگر اور ضلع ٹمکور کے سرا اسمبلی سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوئے۔ کمیٹی کی جانب سے وزیر سی ٹی روی، جنہیں بی جے پی کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا، کو ایوارڈ سے نوازے جانے کا بھی امکان ہے۔ علاوہ ازیں میٹنگ میں مختلف مسائل پر بھی غور و خوض کئے جانے کا امکان ہے۔ غور طلب ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب ریاستی بی جے پی کور اور مجلس عاملہ کی میٹنگ بنگلور میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر ہو رہی ہے اور یہ پارٹی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل کا آبائی ضلع ہے۔


Share: