ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: کینجار میں گئو شالہ کا انہدام ۔ کانگریسی لیڈر کویتا نے بی جے پی کو دیا نقلی گئو رکھشک کا طعنہ

منگلورو: کینجار میں گئو شالہ کا انہدام ۔ کانگریسی لیڈر کویتا نے بی جے پی کو دیا نقلی گئو رکھشک کا طعنہ

Sun, 07 Mar 2021 11:41:14    S.O. News Service

منگلورو ،7 ؍مارچ (ایس او نیوز) پچھلے دنوں ضلع انتظامیہ کی طرف سے کینجار میں واقع گئو شالہ منہدم کیے جانے پر بی جے پی کے وزراء، اراکین اسمبلی اور گئو رکھشکوں نے جو چپکی سادھ رکھی ہے اس پر طعنہ کستے ہوئے کانگریسی لیڈر کویتا سانیل نے کہا کہ یہ سب نقلی گئو رکھشک ہیں۔

 یاد رہے کہ کینجار میں کوسٹ گارڈ اکیڈیمی تعمیر کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے وہاں پر موجود ایک گئو شالہ کو مہندم کرتے ہوئے وہ زمین اپنے قبضے لی ہے۔ اس مسئلے پر کانگریس بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکن کویتا سانیل نے کہا کہ ہندوگائے کو بھگوان مانتے ہیں۔ گائے 33کروڑ ہندو دیوی دیوتاوں کی علامت ہے۔ ضلع انتظامیہ نے گئو شالہ کو منہدم کرکے 300 مویشیوں کو بے گھر کردیا ہے۔ ہم کوسٹ گارڈ اکیڈیمی تعمیر کرنے کے خلاف نہیں ہیں۔ لیکن ضلع انتظامیہ کو مویشیوں کے لئے دوسرا ٹھکانہ مہیا کروانے کے بعد اس گئو شالہ کو منہدم کرنا چاہیے تھا۔ 

    کویتا نے مزید کہا کہ اس ہلے وزراء اور اراکین اسمبلی نے اس گئو شالہ میں پہنچ کر گائے کی پوجا کی تھی۔ مگر اب گئو شالہ منہدم کردیا گیا ہے تو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ بے آسرا کیے گئے مویشی سڑکوں پر دوڑتے پھر رہے ہیں مگر کسی بھی بی جے پی کے لیڈر نے یہاں پہنچ کر جائزہ لینے کی کوشش نہیں کی۔

    کویتا سانیل نے کہا کہ کانگریسی ہمیشہ گئو بھکت رہے ہیں۔ ہم اپنے گھروں میں بھی گائے کو بڑے پیار سے پالتے ہیں اور اس کی پوجا کرتے ہیں۔ اس معاملے میں بھی اگر کانگریسی حکومت ہوتی تو ہم پہلے ان مویشیوں کے لئے کے دوسرا ٹھکانہ تیار کرتے اور پھر اس کے بعد یہ جگہ خالی کرواتے۔ 

    اس موقع پر سداشیو الال، سنتوش شیٹی، پرکاش سالیان، دیپک پجاری، نیرج پال، پرشوتم چتراپورا، رجنیش وغیرہ موجود تھے۔


Share: