منگلورو 31؍مئی (ایس او نیوز) یہاں کے شکتی نگرمیں ایک اپارٹمنٹ کے آٹھویں منزلے سے گر نے کی وجہ سے ایک 5سالہ بچی ہلاک ہوگئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلاک شدہ بچی کانام شانیل جانیشیا ڈی سوزا ہے ، جو آٹھویں منزلے پر واقع اپنے فلیٹ کی بالکونی سے باہردوسرے منزلے کے ایک خالی ورانڈے پر گر گئی۔کہاجاتا ہے کہ بچی اپنے بیڈروم میں گہری نیند سو رہی تھی، تو ا س کی ماں الیتھیا ڈیسوزا کسی کام سے باہر چلی گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد شاید شانیل جاگ پڑی اور بالکونی میں آکر وہ نامکمل گرِل پر چڑھ گئی، جہاں سے بے قابو ہوکر وہ نیچے گر گئی۔ بچی کو شدید چوٹیں آئی تھیں جس کے لئے اسے کے ایم سی اسپتال میں منتقل کیاگیا تھا، مگر علاج کارگر نہ ہونے سے بچی نے دم توڑ دیا۔
کہتے ہیں کہ شانیل کا والد ولسن ڈیسوزا شارجہ میں ملازمت کرتا ہے۔ بچی اور ماں شکتی نگر میں واقع کلاسک سفائر اپارٹمنٹ میں کرایے کے فلیٹ میں مقیم تھے۔کنکناڈی پولیس نے فلیٹ کی مالکہ وینا سالڈانہ اور جنرل پاور آف اٹارنی رکھنے والے ویلیرین مانٹیریو کے خلاف بالکونی میں مکمل گرِل نہ لگانے کے لئے غفلت اور بے پرواہی کا کیس درجہ کرلیا ہے۔