منگلورو22؍جولائی (ایس او نیوز) الال پولیس نے ایک نوجوان کے قتل کی کوشش کرنے والے محمد مصطفےٰ عرف سونو (21سال) کو گرفتار کرلیا ہے اس کے علاوہ محمد حنیف (30سال)نامی بدنام زمانہ مجرم کوبھی گرفتار کیاگیا ہے جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ 24مجرمانہ معاملات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کے بیان کے مطابق مصطفےٰ نے 29جون کو ماستی کٹّے کے وینکٹیش پرایک پرانا کیس واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے قاتلانہ حملہ کیا تھا۔اس ضمن میں پولیس نے اس پر آئی پی سی کی دفعات307 341, 323, 504, 506,کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔ اس کے علاوہ مذکورہ ملزم پر الا ل پولیس اسٹیشن میں ہی قتل کے دو کیس پہلے سے رجسٹرڈ ہیں۔کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں ایک اور کوناجے پولیس اسٹیشن میں چار مجرمانہ معاملات مصطفےٰ کے خلاف درج ہیں، جس میں سے ایک چوری کا کیس ہے۔
کہتے ہیں کہ بدنام زمانہ مجرم حنیف کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مدنی نگر کا رہنے والا ہے اوروہ 24مختلف مجرمانہ معاملات میں پولیس کو مطلوب تھا۔الا ل پولیس اسٹیشن میں درج معاملات میں قتل، عمدِقتل،حملہ، ڈکیتی،چوری وغیرہ کے کیس شامل ہیں۔ منگلورو نارتھ پولیس اسٹیشن میں قتل اور خوشحال نگر پولیس اسٹیشن میں ڈکیتی کے کیس بھی اس کے خلاف درج ہیں۔کورٹ کی طرف سے اس کے خلاف وارنٹ جاری ہواتھا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے الال پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر گوپال کرشنا،سب انسپکٹر گرواپّا کانتی اور ونائیکا توراگال نے الال درگاہ کے احاطے سے ملزم کو گرفتار کرلیا۔