منگلورو،4؍ اپریل (ایس او نیوز) ملک اور قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ویڈیو پیغام میں لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں ضرور کچھ خاص ارو اہم ترین گفتگو کی توقعات اور امید یں بہت سارے لوگوں نے وابستہ کر رکھی تھیں۔ لیکن لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں کوئی بھی تذکرہ اور امید افزاد خیال پیش نہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قوم کو مایوس کردیا۔ 5؍اپریل کی رات 9 بجے 9 منٹ تک دیپ دیا، مو م بتی اور ٹارچ جلانے کی صلاح دینے والے وزیراعظم کی اپیل پر مشترکہ ردعمل سامنے آیا ہے۔
سابق وزیر اور کانگریس کے رکن اسمبلی یوٹی قادر نے وزیر اعظم کی اپیل پر اعتراض جتایا۔ اپنے ٹوئٹ میں قادر نے انڈیا فائٹس کورونا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’’تالیا، تھالیا اور گھنٹیا بجانا ہوگیا، کیا اب کینڈل جلانا ہوگا؟ مودی جی اس قسم کا عمل کچھ زیادہ تو نہیں ہواہے‘‘ اس قسم کے کاموں کی بجائے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دیجئے، بھوکے عوام کے لیے کھانا فراہم کریں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو دکھ درد سے سب سے پہلے باہر لانے کی کوشش کریں، اقتصادی و معاشی تالہ بندی ختم کریں، کووڈ۔19 پر قابو پانے کی جدوجہد میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، جب کچھ صحیح اور درست ہوجائے گا ہم سب مل کر نہ صرف دیا جلائیں گے بلکہ دیوالی منائیں گے۔ اس لیے میری گذارش ہے کہ آپ سب سے پہلے سلگتے ہوئے مسائل پر توجہ دیں۔